شامی فورسزکی سکول پربمباری ،10بچوں سمیت 21افرادہلاک

May 01, 2014

دمشق/پیرس(این این آئی) شام کے شمالی علاقے میں سرکاری فورسزکی ایک ایلمنٹری اسکول پر فوجی بمباری کے  نتیجے میں 10 بچوں سمیت 21 افراد ہلاک ہوگئے۔ ادھر فرانسیسی وزیر داخلہ نے قومی اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت 285 فرانسیسی جہادی شام میں لڑائی میںشریک ہیں۔ دوسری جانب شام کے صدربشارالاسدنے کہاہے کہ امریکہ سمیت دنیا کی کوئی بھی طاقت ان کے ملک کو غیرمستحکم نہیں کرسکتی۔ انتخابات میں آئین و قانون کے مطابق حصہ لیاہے،غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے شمالی شہر الیپو میں جنگجوؤں کے خلاف جاری فوجی کارروائی کے دوران ایک بم اسکول پر جا گرا جس کے نتیجے میں 21افراد ہلاک ہوگئے جس میں 10 بچے بھی شامل ہیں، شام میں موجود انسانی حقوق کے مبصرین کے مطابق واقعے میں ایک ٹیچر بھی ہلاک ہوا،واقعے کے بعد اپنے ایک بیان میں انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ  نے فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں جنگجوؤں کے ساتھ بڑی تعداد میں عام شہری بھی ہلاک ہورہے ہیں جو کہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے،انسانی حقوق کی تنظیم نے الزام عائد کیا کہ شامی فوج کی جانب سے جنگجوؤں کے خلاف بیرل بموں کا استعمال بھی کیا جارہا ہے جو کہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے،ادھر فرانسیسی وزیرداخلہ برنارڈنے ملکی قومی اسمبلی کو بتایاکہ اس وقت 285فرانسیسی شہری شام میں جہاد میں حصہ لیے ہوئے ہیںجبکہ مزید 120فرانسیسی شہری شام کی جانب رواں دواں ہیں اورجلد اپنے ساتھیوں کو جوائن کرلیں گے،انہوں نے اعتراف کیاکہ حالیہ دنوں میں شام کی جانب روانہ ہونے والے جہادیوں کی تعدادمیں 78فیصد تک اضافہ ہواہے،قبل ازیں شامی میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے صدربشارالاسد نے کہاکہ مریکہ سمیت دنیا کی کوئی بھی طاقت ان کے ملک کو غیرمستحکم نہیں کرسکتی ،یوکرین میں امریکہ نے اپنی مرضی چلانے کی کوشش کی تو اسے منہ کی کھاناپڑی اوراگریہی صورتحال  برقراررہی تو باقی کا حصہ بھی روس میں شامل ہونے کے لیے تیار ہوجائیگا،انہوں نے کہاکہ انہوں نے انتخابات میں آئین وقانون کے مطابق حصہ لیاہے،ملک کا ہر شہری انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اہل ہے،بعدازاں شامی پارلیمنٹ نے اعلان کیاکہ مزید چھ امیدواروں نے تین جون کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش ظاہرکی ہے اوراس سلسلے میں کاغذات نامزدگی بھی جمع کروادیئے گئے ہیںجس کے بعد انتخابات میں حصہ لینے والوں کی تعداد سترہ ہوگئی ہے۔ پارلیمنٹ کے ترجمان کے مطابق آج (جمعرات کو)  کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن ہے۔

مزیدخبریں