سب سے زیادہ پیارپاکستانی کرتے ہیں:باکسرعامرخان

May 01, 2014

کراچی(این این آئی) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں چاہنے والے موجود ہیں تاہم مجھے سب سے زیادہ پیار کرنیوالے پاکستانی ہیں۔ 3 مئی کو لاس ویگاس میں امریکی باکسر لوئس کلازو کیخلاف  ویلٹر ویٹ کیریئر کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرنا چاہتا ہوں۔، لوئس کلازو مجھ سے تھوڑا تجربہ کار ضرور ہے تاہم اللہ کی مدد اور چاہنے والوں کی دعاؤں سے کامیابی میرا مقدر بنے گی۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کی غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے، ایک سال تک رنگ سے باہر رہنے کے بعد لوئس کلازو سے مقابلے کے لئے سخت محنت کر رہا ہوں۔عامر خان نے کہا کہ امریکا اوربرطانیہ سمیت پوری دنیا میں چاہنے والے موجود ہیں تاہم مجھے سب سے زیادہ پیارپاکستانی کرتے ہیں۔ اہلیہ اور والدہ کو فائٹ سے بہت ڈر لگتا ہے اس لئے وہ فائٹ دیکھنے نہیں آتیں بس ہوٹل کے کمرے میں رہ کر نماز اور قرآن پاک کی تلاوت کر کے میری جیت کے لئے دعا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوئس کلازو سے مقابلہ جیت کر اپنے گھر والوں، پاکستان سمیت پوری دنیا میں چاہنے والوں کو جیت کا تحفہ دینا چاہتا ہوں۔واضح رہے کہ 27 سالہ عامر خان نے اب تک 31 مقابلوں میں سے 28 جیتیں جن میں سے 19 میں حریف کوناک آوٹ کیا اور 3 مقابلوں میں عامر خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ عامر خان کے حریف 33 سالہ لوئس کلازو 39 میں سے 35 مقابلوں میں مخالف کو چت کر چکے ہیں۔

مزیدخبریں