لاہور(سپورٹس رپورٹر) مصباح الحق کی کپتانی پر متنازعہ بیان دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر و منیجر معین خان سے وضاحت طلب کر لی ہے۔ اس سلسلہ میں گذشتہ روز معین خان نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں نجم سیٹھی سے ملاقات کرکے مصباح الحق کے حوالے سے کراچی میں دیئے گئے اپنے بیان کی وضاحت کی۔ معین خان نے دو روز قبل کراچی میں منعقد ہونے والے سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی تبدیلی کی باتیں کی تھیں جس پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو سوشل میڈیا پر اپنا پیغام جاری کرنا پڑ گیا تھا کہ کپتان کا تقرر کرنا چیئرمین پی سی بی کا اختیار ہے جنہوں نے مصباح الحق کو 2015ء کے عالمی کپ تک کے لئے قیادت سونپ رکھی ہے۔ چیئرمین پی سی بی کی جانب سے معین خان سے وضاحت طلب کی گئی تھی جس پر معین گذشتہ روز لاہور آئے اور انہوں نے چیئرمین پی سی بی سے ملکر وضاحت دی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نجم سیٹھی نے انہیں مستقبل میں اختیاط برتنے کی ہدایات جاری کیں۔