پیپلز پارٹی، پیپلز مسلم لیگ کے الزامات پر دو روز میں جواب داخل کرے گی: جوڈیشل کمشن

اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت نیوز) عام انتخابات 2013ء کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمشن نے گزشتہ روز سماعت بارے تحریری فیصلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم، تحریک انصاف ، بلوچستان نیشنل پارٹی ، پیپلز مسلم لیگ اور ایم ڈی ایم اور ق لیگ نے تین سوالوں کے جوابات دے دیئے ہیں، مناسب موقع پر ان کا جائزہ لیا جائے گا۔ الیکشن کمشن کے نمائندے نے اس بات کا حلف لیا کہ وہ دو دن میں جواب داخل کر دیگا۔ پیپلز مسلم لیگ کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی پر لگائے گئے الزامات بارے جواب پر اعتزاز احسن اور سردار لطیف کھوسہ نے عدالت سے کہا کہ وہ ان الزامات کا دو روز میں جواب داخل کر دینگے ۔ کمشن نے اپنے تحریری حکمنامہ میں مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کے وکلاء سے باہمی گفت و شنید کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے گواہوں کے ازخود حلف کے تحت ریکارڈ کے تحت دستاویزات پیش کرکے ان کا جائزہ لیں گی، وہ ایک فہرست بھی پیش کرے گی جس پر کمشن ان کو طلب کریگا۔ ان کی جانب سے تفصیلی بیانات کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اپنے گواہوں کی فہرست جمع کرائے گی تاکہ انہیں چھ مئی کیلئے سمن جاری کیا جا سکے، انہیں اپنے یہ گواہ ساڑھے گیارہ بجے پانچ مئی کو پیش کرنا ہونگے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ نہ تو کوئی اضافی ڈاکومنٹس فائل کرنا چاہتے ہیں اور نہ ہی وہ کوئی گواہ پیش کرینگے، وہ تحریک انصاف کی جانب سے پیش کئے گئے جواب اور گواہوں کی فہرست پر انحصار کرینگے۔ مذکورہ کونسل نے ووٹرز کے بیگز کھولنے کیلئے تجویز پیش کی ہے جس سے دھاندلی کا پتہ چلایا جا سکتا ہے۔ اعتزاز احسن سے کہا گیا ہے کہ وہ ان حلقوں کی فہرست دیں جن کے جیتنے والے امیدواروں کو نوٹس جاری کئے جا سکیں۔ مزید سماعت پانچ مئی کو صبح ساڑھے گیارہ بجے ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن