قائدآباد: جیولرز شاپ پر ڈکیتی، مزاحمت پر مالک کو ذبح کر دیا، شہر میں ہڑتال، مظاہرہ

May 01, 2015

قائدآباد (نامہ نگار) ڈاکو نے دن دیہاڑے جیولرز کی دکان میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مالک کو چھری سے ذبح کر دیا، تاجروں کی ہڑتال، سڑک بلاک کر کے مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق شمس روڈ پر عدیل جیولرز کی دکان پر پشاور کا رہائشی نعیم گاہک بن کر خریداری کیلئے آیا اور دکان پر بیٹھے نوجوان عدیل کو اکیلا پاکر چھری دکھا کر زیورات و نقدی لوٹنے کی کوشش کی مزاحمت پر نوجوان کی شہ رگ پر چھری چلا دی جس سے زخمی نوجوان نے تڑپ تڑپ کر طبی امداد سے پہلے ہی جان دے دی۔ شور پر بازار کے دکانداروں نے ڈاکو کو پکڑ لیا اور چھترول کے بعد قائدآباد پولیس کے حوالے کر دیا۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا فیس بک پر خوشاب کی عائشہ نامی لڑکی سے محبت ہوگئی جس نے شادی کیلئے چھ لاکھ کی ڈیمانڈ کی تھی۔ تاجر تنظیموں نے تاجر کے قتل کے افسوسناک واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے شٹرڈاون ہڑتال کر دی۔ مشتعل تاجروں نے ٹائر جلا کر میانوالی، سرگودھا روڈ بلاک کر دی جس پر ایس پی پرویز خان نیازی اور ایس ایچ او تھانہ قائدآباد شیخ کامران ظہور نے مشتعل مظاہرین اور اہل خانہ کو بھرپور قانونی کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔

مزیدخبریں