لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پوری قوم نے بے مثال اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا ہے۔ دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی فیصلہ کن کارروائی جاری ہے۔ پاکستان میں انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں۔ 18 کروڑ پاکستانیوں کے اتحاد کی قوت سے دہشت گردی کے ناسور کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کریں گے اور پاکستان امن و سلامتی کا گہوارہ بنے گا- ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا- وزیراعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو مسائل کے چنگل سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کر رہی ہے- محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے مشن پر عمل پیرا ہیں- معاشرے کے غریب اور پسے ہوئے طبقات کی فلاح کیلئے متعدد پروگرام کامیابی سے جاری ہیں- آشیانہ، میٹرو بس سروس، تعلیمی فنڈ، خود روزگار سکیم، اپنا روزگار پروگرام جیسے فلاحی منصوبوں سے عوام بڑی تعداد میں مستفید ہو رہے ہیں- گزشتہ 7 سالوں سے صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں اور خدمت خلق کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا- تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں- صوبے میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے- ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت صوبے بھر کی دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا شاندار پروگرام شروع کیا گیا ہے- وسائل قوم کی امانت ہیں اور ہم یہ امانت انہیں لوٹا رہے ہیں- صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا گیا ہے- مخالف بھی ہم پر ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتے- مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دور آمریت کے سابق حکمرانوں کی کرپشن کے قبرستانوں کو ترقی کے میناروں میں بدل دیا ہے- انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کا دورہ پاکستان ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ چین کا 46 ارب ڈالر کا تاریخ ساز اقتصادی پیکیج ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک سے اندھیرے دور کرنے کا وعدہ پورا کریں گے- انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے الیکشن 2013 میںدھاندلی کا الزام لگانے والوںکو آئینہ دکھا دیا ہے- عوام نے بے لوث خدمت کرنے والوں کو منتخب کیا ہے جبکہ احتجاجی سیاست کرنے والوں کو مسترد کیا ہے۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلی کو چین کے 46 ارب ڈالر کے اقتصادی پیکیج اور کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے مقامی اخبار کے سینئر صحافی شہباز احمد کے بھائی سجاد احمد کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف