مزدوروں کا عالمی دن آج منایا جائیگا، ملک بھر میں ریلیاں، تقریبات ہونگی

May 01, 2015

لاہور + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر + اپنے نامہ نگار سے+ نمائندہ خصوصی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جائے  گا۔ ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی ا س دن کی مناسبت سے ملک بھر میں جلسے جلوس اور ریلیاں منعقد ہونگی جبکہ مختلف تنظیمیں سیمینارز اور تقاریب منعقد کریں گی جس سے مزدور رہنمائوں کے علاوہ وفاقی وزراء  اور اپوزیشن رہنما خطاب کریں گے۔ آج ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی اور تمام سرکاری و غیر سرکاری ادارے، بینک اور دفاتر بند رہیں گے۔ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر مختلف مزدور تنظیمیں جلسے، جلوس، ریلیاں اور سیمینار منعقد کریں گی۔ آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن الحمرا آرٹس کونسل کے سامنے ریلی نکالے گی۔ علاوہ ازیں مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے گزشتہ روز لاہور میں لیبر ویلفیئر فیڈریشن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا اور ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جب کہ پیپلز پارٹی پنجاب کے زیر اہتمام آج میاں منظور وٹو کی زیر قیادت ایک ریلی صبح 10 بجے لاہور ریلوے سٹیشن سے نکالی جائے گی جو لاہور پریس کلب پر  اختتام پذیر ہو گی۔  میاں منظور وٹو کے ہمراہ تنویر اشرف کائرہ، ثمینہ خالدگھرکی، حاجی عزیزالرحمان چن، سہیل ملک، اسلم گل، عبدالقادر شاہین، دیوان محی الدین، نوید ملک، میاں مصباح الرحمن، اورنگزیب برکی اور راجہ عامر ہوں گے۔  ریلی میں بڑی تعداد میں مزدور یونینز کے نمائندے اور ممبران شرکت کریں گے جن میں قابل ذکر پاکستان ریلوے لیبر یونین، واپڈا یونین، پاکستان منٹ یونین، پاک پی ڈبلیو ڈی یونین، ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن یونین، ایچ بی ایل یونین، پی آئی اے یونین اور دیگر تنظیمیں شامل ہوںگی۔  علاوہ ازیں صدر ممنون حسین اور  وزیراعظم  نوازشریف  نے  مزدروں کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے ا فرادی قوت کسی بھی صنعت  ومعیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،جس کے بغیرکامیابی اور ترقی کا پہیہ آگے نہیں بڑھ سکتا، حکومت محنت کش طبقات کی حالت بہتر بنانے کیلئے بھرپور توجہ دے رہی ہے، یہ دن ہمیں کارکنوں کو کام کے محفوظ، صحت مندانہ اور باوقار ماحول کی فراہمی کے اور مزدوروں کے حقوق کو یقینی بنانے بارے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ پاکستانی مزدور بھائیوں کے لئے مخلصانہ جذبات کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہوں، قوم وطن کی تعمیر میں ہر مزدور کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے جسے معاشرے میں احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، ہماری افراد کی قوت ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ افرادی قوت کسی بھی صنعت اور معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جس کے بغیرکامیابی اور ترقی کا پہیہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے تربیتی پروگرام میری حکومت نے شروع کردیئے ہیں، جن سے ہزاروں نوجوان استفادہ کررہے ہیں۔ آج کے یوم مزدور کا پیغام یہی ہے کہ ہماری حکومت نے پاکستان کو شاہراہ ترقی پرگامزن کردیا ہے، ترقی کے اس عمل کو زیادہ ن تیجہ خیزبنانے کیلئے ہمیں اور زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے، ہم نے پاکستان کو دنیا کے سامنے ایک رول ماڈل کی حیثیت سے پیش کرنا ہے، ایک ایسی قوم کے طور پر جو اپنے اتحاد اور اجتماعی سوچ کی بنیاد پر ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دریں اثناء صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہرسال یکم مئی کو مزدوروں کا دن محنت کی حرمت عظمت کی علامت ہے، جبکہ یہ دن ہمیں شکاگو کے شہداء اور ان کی جبرواستبداد کے خلاف جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔ ملکی ترقی، خوشحالی اور سماجی واقتصادی ترقی کیلئے محنت سے کام جاری رکھیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلی شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معیشت کو مضبوط  بنیادوں پر  استوار کرنے میں محنت کشوں کا کلیدی کردار ہے۔ مزدور کی خوشحالی، احترام اور اسے بااختیار بنائے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ شکاگو کے محنت کشوں کی لازولال جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے باعث مزدوروں کو وہ حقوق ملے جن سے انہیں صدیوں سے محروم رکھا جا رہا تھا۔ دین اسلام میں محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دے کر اس کی عظمت کا اعتراف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت محنت کشوں کی فلاح وبہبود کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
 عالمی دن منایا جائے گا 

مزیدخبریں