کراچی:فرحین کی فیس بک پر شہیر سے دوستی ہوئی، گھر سے بھاگ کر شادی کی

May 01, 2017

کراچی(صباح نیوز)کراچی صدر میں واقع رہائشی ہوٹل کے کمرے سے21 سالہ لڑکی کی نعش برآمد ہوئی ہے ، متوفیہ اسلام آباد کی رہائشی تھی جس نے گھر سے فرار ہو کر فیس بک پر دوست بننے والے لڑکے سے کراچی آکر مارچ میں شادی کر لی تھی تاہم پولیس تحقیقات کررہی ہے کہ واقعہ خودکشی ہے یا قتل۔تفصیلات کے مطابق پریڈی تھانے کی حدود صدر راجا غضنفر علی خان روڈ پر واقع المصطفی ہوٹل کی چھٹی منزل پر واقع کمرہ سے21 سالہ لڑکی کی لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق لڑکی کی شناخت اس کے شناختی کارڈ سے فرحین دخترمحمد منیرخان کے نام سے کر لی گئی ، وہ پلندری کی رہائشی اور تعلیم یافتہ ہے۔ فرحین کی گلشن اقبال بلاک 4بنگلہ نمبر E/3کے رہائشی وامریکی نیشنلٹی ہولڈر شہیر ولد فیصل سے فیس بک پر دوستی ہوئی جو محبت میں بدل گئی۔ بعدازاں وہ اسلام آباد سے بھاگ کر کراچی آگئی اور دونوں نے28 فروری کو کراچی میں نکاح کر لیا جبکہ27 اپریل کو المصطفی ہوٹل میں فرحین کے نام سے کمرہ بک کرایا گیا جہاں دونوں رہائش پذیر تھے۔گزشتہ روز کمرہ کھولا گیا تو فرش پر فرحین کی لاش پڑی تھی جبکہ اس کا دوپٹہ پنکھے پر لٹکا ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق گردن اور کلائی پر انگلیوں کا نشانات تھے ، شبہ ہے کہ شہیر نامی شخص لڑکی کو قتل کر کے فرار ہو گیا۔

مزیدخبریں