اسلام آباد +نوشہرہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے کہا ہے کہ نوشہرہ کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑوں گا۔ عمران خان نے خیبر پی کے کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے، مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ سپیکر خیبر پی کے پرکرپشن کا الزام لگا لیکن استعفیٰ نہیں دیا، صحت کارڈ کے نام پر عمران خان خیبر پی کے کے عوام کا پیسہ لوٹ رہے ہیں، عمران نے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہیں دیئے۔ نوشہرہ میں خطاب کرتے انہوں نے کہاکہ کوئی مائی کا لعل 20 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم سے استعفیٰ نہیں لے سکتا، عمران کب تک نوجوانوں کو دھوکہ دیں گے، عمران نے صوبے کے اہم ادارے جہانگیر بدر کے حوالے کردیئے، نوشہرہ کی حالت دیکھ کر لگتا ہے، وہ پاکستان کا حصہ ہی نہیں۔ ابتر صورتحال پرویز خٹک کیلئے باعث شرم ہے، وہ وزارت اعلیٰ چھوڑ دیں۔ خیبر پی کے کی عوام نے آپ کو مینڈیٹ دیا، پرویز خٹک مال بنانے میں مصروف ہیں۔ عمران کے تبدیلی کے نعرے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ عمران خان نے کہا تھا کہ 90 دن میں تبدیلی لائیں گے، عمران ہر وقت عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ عمران کے بچے بیرون ملک پڑھتے ہیں۔ 2018ءمیں پھر عوام کی عدالت میں جائیں گے اور نواز شریف کو پھر وزیراعظم بنائیں گے۔ نواز شریف کو حکومت خیرات میں نہیں ملی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری اور دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان گھٹیا زبان استعمال کرتے ہیں۔ عمران خان نے سیاست میں گندا کلچر متعارف کرایا۔ عمران اپنے کیس کا جواب دینے کیلئے تیاری کریں۔ طلال چودھری کا کہنا ہے کہ عمران خان مایوسی کی وجہ سے ہر جگہ ایسی باتیں کرتے ہیں۔ عمران جان بوجھ کر ایسے بیانات دیتے ہیں۔ عمران سپریم کورٹ کو ہدف بناتے ہیں وہ ایک شکست خوردہ شخص ہیں۔ عمران جانتے ہیں نوازشریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں کبھی کراچی‘ کبھی اسلام آباد جاکر عدالتوں پر دباﺅ ڈالتے ہیں۔
دانیال عزیز
امیر مقام