لاہور ٹرک کی رکشہ سے ٹکر باپ ، 3 بچے زندہ جل گئے : دیربالا بس کھائی میں جاگری 12 جاں بحق

May 01, 2017

دیر بالا+ لاہور (آن لائن + صبا نیوز) دیربالا اور لاہور میں ٹریفک کے دو مختلف واقعات میں 16 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دیربالا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق لواری ٹاپ کے قریب مسافر بس کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت12 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ پولیس اہلکاروں نے بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق مسافر بس دیر بالا سے چترال جارہی تھی کہ تیزرفتاری کے باعث گہری کھائی میں جاگری۔ 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ادھر لاہور کے علاقے شادباغ میں کوڑا اٹھا نے والے ٹرک اور رکشہ کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4 افراد زندہ جل گئے۔ چنگ چی رکشہ تیزی رفتاری کے باعث ٹرک سے ٹکرایا جس کے بعد رکشے کا سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا اور رکشہ میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں رکشہ میں سوار 6 افراد شدید جھلس گئے جن میں سے رکشہ ڈرائیور یعقوب تین بچوں سمیت جاں بحق ہوگیا۔ حادثے میں بچوں کی والدہ اور خالہ شدید زخمی ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں میوہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مرنے والے بچوں کی عمریں 4سے چھ سال کے درمیان تھیں۔ واقعہ کے بعد ٹرک ڈرائیور فرا ر ہو گیا ۔ حادثے کا شکار خاندان داتا نگر شیر شاہ روڈ کا رہائشی ہے۔پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ روجھان میں انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق دو زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں قیدیوں کو جیل منتقل کرنے والی گاڑی بے قابو ہوکر گڑھے میں جاگری جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار اور 15 قیدی زخمی ہوگئے۔ گوجرہ کے قریب یونیورسٹی کی بس الٹنے سے 20 طلبا زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق طلبا کی بس مری سے ملتان واپس جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔
حادثات

مزیدخبریں