او گروپ خون والوں کو دل کے دورے کا خطرہ نسبتاً کم ہوتا ہے

اسلام آباد (بی بی سی اردو) تحقیق سے معلوم ہوا ہے وہ لوگ جن کے خون کا گروپ او نہیں ہے، انہیں دل کا دورہ پڑنے کا امکان دوسرے لوگوں کے مقابلے میں تھوڑا زیادہ ہوتا ہے۔ سائنسدانوں نے کہا ہے اس کی وجہ یہ ہوسکتی ہے اے، بی اور اے بی گروپ والے لوگوں میں خون جمانے والی ایک پروٹین کی مقدار او گروپ کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔تاہم ایک خیراتی ادارے کا کہنا ہے لوگوں کو بیماری کا خطرہ کم کرنے کیلئے تمباکو نوشی چھوڑنے اور صحت بخش خوراک کھانے پر زیادہ توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ یہ تحقیق یورپین سوسائٹی آف کارڈیالوجی کی کانگریس میں پیش کی گئی اور اس میں 13 لاکھ لوگوں کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن لوگوں کے خون کا گروپ او نہیں ہے، انہیں دل کے دورے کا خطرہ 1.5 فیصد ہے جبکہ وہ لوگ جن کے خون کا گروپ او ہے، ان میں یہ شرح 1.4 فیصد ہے۔ سابقہ تحقیق سے معلوم ہوا تھا کہ سب سے نایاب گروپ یعنی اے بی کو سب سے زیادہ خطرہ ہوتا ہے اور ان کے حامل لوگوں میں دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ 23 فیصد ہوتا ہے۔ ریسس نیگیٹِو نامی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں سب سے عام گروپ اے بی ہے، جو آبادی کا 24 فیصد بنتا ہے جبکہ او گروپ تقریباً 29 فیصد لوگوں میں ہے۔ وہ لوگ جن کے خون کا گروپ او ہوتا ہے، ان کے بارے میں معلوم ہے کہ ان کے خون میں کولیسٹرول زیادہ ہوتی ہے اس لئے ان کے علاج میں اس بات کو ملحوظِ خاطر رکھا جانا چاہئے۔اس تحقیق میں او بلڈ گروپ کے پانچ لاکھ دس ہزار، جبکہ دوسرے گروپس کے 7 لاکھ 70 ہزار افراد کا جائزہ لیا گیا۔ پہلے گروپ میں 1.4 فیصد، جبکہ دوسرے گروپ میں 1.5 فیصد لوگوں کو دل کا دورہ پڑا یا دل کا درد انجائنا لاحق ہوا۔

ای پیپر دی نیشن