بھارت اور ترکی نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے اور متعدد سمجھوتوں پر دستخط بھی کر دیئے ہیں جبکہ ترک صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ ہم اپنے تعلقات کو فروغ دینے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کے بارے میں پر عزم ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں ترک صدر رجب طیب اردگان نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات،دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور خطے کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں سربراہان کی ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے اورمتعدد سمجھوتوں پر دستخط بھی کیے گئے ۔اس سے قبل ترک صدر اردگان نے اپنے قیام کےدوران ہوٹل تاج پیلس میں بند کمرے کی پریس کانفرنس میں شرکت کی، کانفرنس کے دوران ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو، وزیر اقتصادیات نہات ذیبک چی، وزیر توانائی و قدرتی وسائل بیرات آلبائراک، وزیر سیاحت و ثقافت نابی آوجی اور وزیر مواصلات و نیوی گیشن احمد آرسلان بھی ا ن کے ہمراہ تھے۔صدر اردگان نے ترکی‘بھارت کاروباری سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کی اور اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بھارت کے ساتھ ہم اپنے تعلقات کو فروغ دینے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کے بارے میں پر عزم ہیں۔دریں اثنا جامعہ ملیہ اسلام یونیورسٹی میںترک صدر رجب طیب اردگان کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری پیش کی گئی ۔
ترکی اور بھارت کا دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، متعدد سمجھوتوں پر دستخط
May 01, 2017 | 19:42