اسلام آباد (آن لائن+سپیشل رپورٹ)اسلام آباد کے نئے بین الاقوامی ائرپورٹ کا باضابطہ افتتاح آج منگل کو کیاجائیگا۔ توقع ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نئے ائرپورٹ کا افتتاح کریں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پہلی پرواز دن صبح 11 بجے نئے ائرپورٹ پر اتریگی۔اسی دن ساڑھے 12 بجے دوپہر قومی ائرلائن کی پہلی پرواز کراچی کیلئے روانہ ہوگی۔مکمل پروازوں کا آغاز جمعرات سے ہوگا۔دوسری طرف پاکستان ائرفورس نے اسلام آباد کے نئے انٹر نیشنل ائرپورٹ کو جدید سہولتوں سے لیس کرنے اور ائرپورٹ کو پروازوں کیلئے محفوظ بنانے کیلئے بھرپور تعاون اور معاونت کی ہے۔ پاک فضائیہ کاC-130 طیارہ آزمائشی طور پر نئے اسلام آباد انٹر نیشنل ائرپورٹ پر اتارا گیا جبکہ مشاق طیاروں اور بڑے کارگو طیاروں جن میں ہرکولیس سی۔ 130 طیارے شامل ہیں، نے بھی نئے ائرپورٹ پر لینڈنگ کی تاکہ پی آئی اے کی پروازوں کی لینڈنگ کیلئے سہولت کا جائزہ لیا جاسکے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج نئے اسلام آباد ائرپورٹ کا افتتاح کرینگے، آزمائش کیلئے سی 130 مشاق اور بڑے کارگو طیاروں نے بھی لینڈنگ کی
May 01, 2018