لا ہور (اپنے نامہ نگار سے) آل گڈز ٹرانسپورٹ اونرز اینڈ ورکرز الائنس نے 4 مئی کو لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر کے مطالبات کے حق میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ الائنس میں10 بڑی گڈزٹرانسپورٹ تنظیمیں شامل ہیںجنہوں نے 4 مئی کو مطالبات کی منظوری کے لیے لاہور کے داخلی و خارجی راستے بند کرنے کا اعلان کیا ہے‘آل گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے 4 مئی تک حکومت کو مطالبات کی منظوری کا وقت دیا ہے۔ بابوصابو میں آل گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے عہدیداران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کرکے احتجاج کیا جائیگا۔ الائنس کے مرکزی رہنما حاجی علیم بٹ، نبیل محمود طارق ، مرزا ارشد بیگ،چودھری ذوالفقار نے مطالبہ کیا ہے کہ بند روڈ پر فوری طور پر ناجائز ٹول پلازہ ختم کیا جائے۔ وارڈن پولیس لاہور میں ٹرکوں کو لوٹنے کیلئے ناجائز چالان کاٹتے ہیں انکو فوری بند کیا جائے وارڈنز کی بھتہ خوری کو بند کیا جائے اور ویجی لینس ٹیم بنائی جائے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ عملہ کسٹم کی غنڈہ گردی ختم کی جائے اور گاڑیوں کو ناجائز بند کرنے سے روکاجائے اگر حکومت نے اپنے وعدے پورے نہ کیے تو اگلے مرحلے میں پوراپنجاب بند کردینگے۔سینئر وائس چیئرمین چودھری مختار نے کہا کہ بند روڈ کو رنگ روڈ کہنا ہی غلط ہے، انہوں نے کہا کہ سیکرٹری ہائی وے سے میٹنگ میں انہوں نے کہا تھا کہ بند روڈ کو بند روڈ ہی رہنے دیا جائے ۔ اس پر بادامی باغ منڈی سے ٹرک آ کر بتی چوک اترتا ہے تو اسے ٹیکس دینا پڑتا ہے۔ اگر سگیاں پل سے بند روڈ پر آئیں اور بتی چوک جائیں تو پھر ٹیکس یہ سراسر زیادتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ راتوں رات ٹیکس بھی بڑھا دیا جاتا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں۔