لاہور(فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے ملک بھر میں رابطہ عوام مہم میں تیزی لانے کے لئے جو نئی حکمت عملی طے کی ہے اس کے مطابق نہ صرف میاں نواز شریف بلکہ میاں شہباز شریف، مریم نواز، میاں حمزہ شہباز، راجہ ظفر الحق، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، مشاہد اللہ خان، اسد خان جانیجو، شاہ محمد شاہ اور دیگر سینئر رہنما ملک کے مختلف حصوں میں رابطہ عوام مہم میں حصہ لیں گے۔ اس سلسلے میں تمام رہنمائوں کے جلسوں کے شیڈول تیار کئے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اس سلسلے میں آج منگل یکم مئی کو ساہیوال، دو مئی کو رحیم یار خان، 4مئی کو چترال، 5مئی کو جہلم، 6مئی کو مانسہرہ، 8مئی کو خوشاب، 9مئی کو چشتیاں بہاولنگر ، 10مئی کو چکوال، 11مئی کو ملتان اور 13کو گوجر خان میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ ذرائع نے بتایا نواز شریف جس شہر میں جائیں گے وہاں کے منتخب ممبران قومی وصوبائی اسمبلی اور منتخب بلدیاتی اداروں کے نمائندگان کے وفود سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ نواز شریف نے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کو ایک لڑی میں پرونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے پارٹی کے مختلف ناراض لوگوں کو راضی کرنے کے لئے بھی ذمہ داریاں پارٹی رہنمائوں کو سونپ دی ہیں تا کہ گھر بیٹھنے والے ساتھیوں کو دوبارہ فعال اور متحرک کیا جا سکے۔