اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں لاہور سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے کہا ہے کہ غیر سیاسی عناصر کے ذریعے کسی بھی سطح پر مذاکرات نہ کئے جائیں۔ پارٹی کی سیاسی قیادت کو ذمہ داری سونپی جائے۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اسی رہنما نے یہ سوال کیا کہ وہ غیر سیاسی عناصر آج کہاں ہیں جنہوں نے پارٹی قیادت کو تصادم کی پالیسی اختیار کرنے کے مشورے دئیے۔ مسلم لیگ (ن) کی پوری قیادت ایک طرف تھی یہ ’’غیر سیاسی عناصر‘‘ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو دوسری طرف لے جا رہے تھے۔ انہوں اجلاس میں کہا کہ ہم جیسی صورت بھی ہو گی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر لیں گے لیکن پارٹی کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ آج پارٹی کو ان غیر سیاسی عناصر اور قلم کاروں سے جواب طلب کرنا چاہیے جو پارٹی کی تباہی کا باعث بنے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اجلاس میں ہونے والی بات چیت سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو آگاہ کیا جائے اور ان کے جذبات میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف تک پہنچائے جائیں۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا روزانہ کی بنیادوں پر اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا پارلیمانی پارٹی کا آئندہ اجلاس جمعرات کو ہو گا جس میں اہم فیصلے ہوں گے اور پارلیمنٹ میں مسلم لیگ (ن) کا لائحہ عمل تیارکیا جائے گا۔