امیرالبحر کی نائجیرین چیف آف ڈیفنس سٹاف اور نیول چیف سے ملاقاتیں

May 01, 2019

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نائیجیریاکے سرکاری دورے کے دوران ، نیول چیف نے نائجیریا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف اور چیف آف دی نیول سٹاف سے ملاقاتیں کیں۔انہوں نے نائجیریا کی تمام بحری یونٹس بشمول ٹرینگ یونٹس کا دورہ بھی کیا۔ابوجا میں نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر نائیجیرین نیوی کے چیف آف دی نیول سٹاف وائس ایڈمرل ایبوک ایتے اکو ے عباس نے سربراہ پاک بحریہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر نیول چیف کو روایتی اعزاز کے ساتھ سلامی پیش کی گئی۔ ملاقات کے دوران، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے باہمی دلچسپی اور بحری اشتراک کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے ضمن میں پاک بحریہ کی کاوشوں خصوصاً ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسزکے اقدامات پر روشنی ڈالی۔چیف آف دی نیول سٹاف نے کراچی میںحال ہی میں منعقد کی جانے والی کثیرالقومی امن مشق 2019 میں نائیجیرین نیوی کے وفد اور سپیشل فورسز ٹیم کی شرکت پر وائس ایڈمرل ایبوک ایتے اکوے عباس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے نائجیریاکے چیف آف ڈیفنس سٹاف، جنرل عبایومی گیبرئیل الونی ساکن سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور دفاعی اشتراک کے پیشہ ورانہ امور زیر غور رہے۔ جنرل عبایومی گبرئیل الونی ساکن نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں مختلف اہم اقدامات پر پاکستان کے عزم و کردار کو سراہا۔ نائجیریا چیف آف ڈیفنس سٹاف اور پاک بحریہ کے سربراہ نے دونوں ممالک کے مابین تربیت اور دفاع کے شعبوں میں مزید تعاون پر اتفاق کا اظہار کیا۔چیف آف دی نیول سٹاف نے نائیجیرین نیوی کی ویسٹرن نیول کمانڈاور نائجیرین بحری جہاز ’’کورا‘‘ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر نیول چیف کو روایتی اعزاز کے ساتھ سلامی پیش کی گئی۔

مزیدخبریں