لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن نعمان بٹ کے وکیل شیگان اعجاز نے کہا ہے کہ ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں کہ ان کے موکل نعمان بٹ کی پٹیشن خارج ہو گئی ہے۔ ایڈووکیٹ شیگان اعجاز کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ نے بورڈ چیئرمین احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان کی تعیناتی پر کرکٹ بورڈ کو اکیس مئی کے نوٹسز جاری کر رکھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مینجنگ ڈائریکٹر کے عہدے کی پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ وسیم خان کی تعیناتی پی سی بی کے آئین کی خلاف ورزی ہے۔ دوہری شہریت اور بیرون ملک مستقل رہائش رکھنے والوں کو اہم عہدے نہ دینے کے بارے سپریم کورٹ کے واضح احکامات پہلے سے موجود ہیں۔ وسیم خان برطانوی شہری اور احسان مانی برطانیہ کی مستقل رہائش کا درجہ رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ سترہ اپریل کو کوئٹہ میں ہونے والے گورننگ بورڈ اجلاس میں پانچ اکثریتی ارکان نے ایم ڈی وسیم خان کی تعیناتی کالعدم قرار دی تھی۔ نعمان بٹ کی پٹیشن پی سی بی آئین کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کے لیے ہے۔
نعمان بٹ کی پی سی بی کیخلاف پٹیشن خارج نہیںہوئی : شیگان اعجاز
May 01, 2019