سرگودھا، ساہیوال، چیچہ وطنی، بصیر پور (نامہ نگاران+ نمائندگان) لاک ڈاؤن کے دوران کھلی دکانوں‘ گراں فروشوں ڈبل سواروں کے خلاف جمعرات کو بھی پولیس اور انتظامیہ کی کارروائیاں جاری رہیں۔ سرگودھا میں اب تک 1400 سے زائد افراد کو جیل بھجوایا جا چکا ہے۔ چیچہ وطنی میں آٹھ ساہیوال میں 120 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ بصیر پور میں بھاری جرمانوں کیخلاف سبزی فروشوں نے ہڑتال کر دی۔ سرگودھا شہر میں گزشتہ روز شاہرائیوں پر جگہ جگہ ناکہ بندی کر کے ڈبل سواروں کی پکڑ دھکڑ جاری رہی اور اندرون شہر بازاروں میں ضلع انتظامیہ کے ایکشن پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر دکانیں سیل کر کے تاجروں کی گرفتاریوں اور مقدمات کا سلسلہ بھی جاری رہا، اس دوران کئی رورز سے نصف شٹر کھول کر کاروبار میں مصروف افراد ٹیموں کو چکمہ دینے میں کامیاب رہے۔ سرگودھا میں لاک ڈاؤن کے دوران مختلف جرائم کے 765مقدمات درج کر کے 1400سے زائد افرادکوحوالات جوڈیشل بھجوایا گیا۔ ٹریفک پولیس نے 12309موٹرسائیکلوں کو 54لاکھ74ہزار 850روپے کا جرمانہ کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے چیک پوائنٹ سیال موڑ پر ٹرک ڈرائیوروں سے رشوت لینے کا سخت نوٹس لیا اور واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ جبکہ ایس پی انویسٹی گیشن کو انکوائری آفیسر مقرر کر کے چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی۔ چیچہ وطنی میں ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر آٹھ افراد کے خلاف چار مقدمات درج آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ضلع ساہیوال میں پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 120 افراد کو گرفتار کر کے ساٹھ مقدمات درج کر کے جیل بھیج دیا۔ بصیرپور مین بازارمیںبھاری جرمانوںکے خلاف سبزی فروشوں نے جمعرات کو مکمل ہڑتال کردی جسکے باعث صارفین افطار ی کیلئے سالن تیارکرنے سے محروم رہ گئے اور دن بھر سبزی خریدنے کیلئے خوارہوتے رہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما اور مرکزی انجمن تاجران کے قائمقام سرپرست اعلیٰ میاں فیاض احمد فوجدار نے کہا انتظامیہ وزیراعظم عمران خان کے وژن پرعمل کرے اورکسی کو خوش کرنے کیلئے غریب دکانداروں کو تنگ نہ کرے۔
ساہیوال 120 گرفتار‘ بصیر پور میں بھاری جرمانوں پر سبزی فروشوں کی ہڑتال
May 01, 2020