اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے ہر اقدام کی وفاقی حکومت کی جانب سے مخالفت سامنے آنا افسوس ناک ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی سے ہونے والا فائدہ اور ورلڈ بینک، جی 20 ممالک سے ملنا والا ریلیف صوبوں کو دیا جائے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت غریب عوام کا ساتھ دینے کے بجائے ہمارے فلاحی کاموں کو سبو تاژ کرنے پر لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے یہ گفتگو اپنی سربراہی میں ہونے والے ویڈیو لنک کے ذریعے مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کی۔ مشاورتی اجلاس میں کرونا وائرس کی صورت حال اور ملک کو درپیش معاشی مسائل پر بات چیت کی گئی، اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر، شازیہ مری، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، قمرزمان کائرہ، چوہدری منظور، مصطفی نواز کھوکھر، فیصل کریم کنڈی اور پلوشہ خان شریک ہوئے، مشاورتی اجلاس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیرصحت عذرا پیچوہو اور وزیراطلاعات ناصرشاہ بھی موجود تھے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں مزدور خاص طور پر دیہاڑی دار مزدور کرونا کی وباء سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اب جبکہ عالمی معیشت سکڑ رہی ہے تو یہ حکومتوں پر فرض ہو گیا ہے کہ وہ مزدوروں کی مدد کریں لیکن بدقسمتی سے دنیا بھر کی تمام دائیں بازو کی حکومتیں منافع کو انسانوں پر ترجیح دے رہی ہیں۔ یہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وباء کے دوران عوام اور دیہاڑی دار طبقے کے لئے ریلیف مہیا کرے لیکن افسوسناک بات ہے کہ غریب عوام اور دیہاڑی دار طبقے کو منافع خوروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
وفاق کی سندھ کے ہر اقدام کی مخالفت افسوسناک دیہاڑی دار طبقے کو ریلیف دیا جائے: بلاول
May 01, 2020