مکتوب دبئی
طاہر منیر طاہر)
COVID-19کے دوران لاک ڈاﺅن پر سختی سے عمل کرایا گیا
دبئی میں پولیس کے خصوصی دستے رات کے وقت گھوڑوں پر گشت کرتے ہیں
دوران گشت کام آنے والے گھوڑوں کو فورلیگڈ آفیسر کہا جاتا ہے
دبئی (طاہر منیر طاہر) عام حالات میں رات کے وقت امن عامہ کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے دبئی میں گھوڑا گشت ہوتا ہے۔ ایسے علاقے جہاں گاڑی نہیں جاسکتی وہاں کے حالات پر نظر رکھنے اور نگرانی کیلئے گھوڑوں سے کام لیا جاتا ہے۔ خصوصی تربیت یافتہ یہ گھوڑے فورلیگڈ آفیسر (FOUR LEGGED OFFICER) کہلاتے ہیں۔ جدید اسلحہ سے لیس دبئی پولیس کے چاق و چوبند دستے ان گھوڑوں پر شام 6بجے سے صبح 6بجے تک مسلسل گشت کرتے ہیں۔ گھوڑا گشت کی وجہ سے دبئی پولیس نے گنجان آباد علاقوں، تنگ گلیوں اور چھوٹی سڑکوں پرمکمل نظر رکھی ہے اور امن عامہ قائم کیا ہے۔ حالیہ کرونا وباءCOVID-19کے دوران جب دبئی میںلاک ڈاﺅن لگایا گیا تو گھوڑا گشت کی وجہ سے لاک ڈاﺅن پر سختی سے عملدرآمد کرانے میں خوب مدد ملی۔ پولیس کے دستوں نے دبئی کے مختلف گنجان آباد علاقوں میں گھوڑا گشت کے ذریعے لاک ڈاﺅن پر سختی سے عمل کرایا جس سے کرونا وباءپر قابو پانے میں خوب مدد ملی۔ لاک ڈاﺅن پر سختی کے نتیجہ میں حالات جب قدرے بہتر ہوئے تو لوگوں کو لاک ڈاﺅن میں نرمی دے دی گئی اور ضروری اشیاءکی خریدوفروخت کیلئے بازار کھول دیئے گئے جس سے کئی دن سے رکا نظام زندگی واپس آنا شروع ہوگیا۔ گھوڑا گشت میں استعمال ہونے والے گھوڑے خصوصی تربیت یافتہ ہیں۔ ان گھوڑوں کو ان کے اصطبل سے ڈیوٹی والی جگہ پر خصوصی گاڑیوں کے ذریعے لے جایا جاتا ہے۔ یہ گھوڑے سابقہ ہارس ریس سے منتخب کئے گئے ہیں۔ دبئی پولیس کے پاس موجود 16گھوڑے گشت پر مامور ہیں جو دو، دو کی جوڑیوں کی شکل میں مسلسل 12گھنٹے گشت کرتے ہیں اور جرائم کی بیخ کنی میں ممدومعاون ثابت ہو رہے ہیں۔
امن عامہ قائم رکھنے کیلئے دبئی کی تنگ گلیوں میں گھوڑا گشت
May 01, 2020