لاہور(وقائع نگار) حکومت کی جانب سے 8مئی سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ کے بندکئے جانے کے اعلان کے بعد لاکھوں کی تعداد میں پردیسیوں نے عید پر اپنے گھروں کو جانے کے لیے بس اڈوں کا رخ کرلیا ہے اور لاہور کے تمام بس اڈے مسافروں سے کھچا کھچ بھرچکے ہیں جس کے باعث ٹرانسپورٹ کی کمی ہو چکی ہیں اور مسافروں کو دگنا ریٹ ادا کرنے پر بھی ٹکٹس نہیں مل رہا جس کے باعث پردیسیوں کی بہت بڑی تعداد بسوں کی چھتوں پر دگنا کرایہ ادا کرکے بیٹھنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے مسافرو ں کا کہناہے حکومت کی جانب سے صرف اپنی جان چھڑوانے کے لیے اے سی والے کمروں میں بیٹھ کر حکم صادر کر دیتی ہے لیکن یہ نہیں سوچتے کی ان غلط فیصلوں سے عوام کن مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے چار پانچ روز میں لاکھوں پردیسی اپنے گھروں کو کیسے جا سکیں جب دوگناہ کرایہ ادا کر کے بھی ٹکٹ نہیں مل رہا جبکہ دوسری جانب پبلک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن فیڈریشن کے چیف آرگنائزر ایچ ایم جہانگیر نے حکومت کے فیصلے کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ۔وزیرٹرانسپورٹ کے ترجمان شیخ فرحان نے رابطہ کرنے بتایا کہ ٹرانسپورٹ کی بندش کا فیصلہ عوام کے مفادکے پیش نظرکیا گیا اور تمام ٹرانسپورٹر رہنمائوں کو اعتماد میں لیاگیا تھا۔