تہاڑ جیل میں کرونا پھیل گیا:یاسین ملک، آسیہ اندرابی ،شبیر شاہ کی جان کو خطرہ

سری نگر (کے پی آئی) تہاڑ جیل میں قید جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک، دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی، حریت رہنما شبیر احمد شاہ سمیت متعدد کشمیری رہنمائوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ نئی دہلی کی  تہاڑ جیل میں بھی کرونا  پھیل چکا ہے۔ جیل میں وبا کی روک تھام اور قیدیوں کے علاج معالجے کی سہولت موجود نہیں ہے۔ کے پی آئی  کے مطابق  تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق ترجمان شاہد الاسلام کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ تہاڑ جیل میں محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، شبیر احمد شاہ، معراج دین کلوال، بشیر احمد بٹ، ایاز اکبر، الطاف احمد شاہ، نعیم احمد خان، ظہور وٹالی، شاہد یوسف، شکیل یوسف شاہ، غلام محمد بٹ، عبدالرشید، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، پرویز احمد میر، محمود ٹوپی والا، فیروز احمد، محمد اسلم وانی، مظفر احمد ڈار، بشیر احمد پنو، فیاض احمد لون اور دیگر کشمیری حریت رہنما اور کارکن نظر بند ہیں جن میں کئی مختلف امراض کا شکار ہیں اور ادویات لے رہے ہیں۔ جموں وکشمیر میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس  کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ، عالمی ریڈ کراس کمیٹی اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری سیاسی نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے انکی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔

ای پیپر دی نیشن