ایس او پیز پر عوام حکومت‘ فوج کے صبر کا امتحان نہ لے: فردوس عاشق

لاہور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے زرعی شعبے میں انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے ملتان میں کسان کارڈ کا اجرا کر دیا ہے۔ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق پنجاب میں ڈیجیٹل خواندگی بڑھانے کے ساتھ کسانوں کی کیش ٹرانسفر کی صورت میں مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے۔ این اے 249 کراچی کے ضمنی الیکشن نے صاف اور شفاف انتخابات کرانے کے ذمہ دار ادارے پر کئی سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔ درحقیقت پیپلزپارٹی نے کراچی میں جمہوریت کو کفن پہنا کر صندوق میں دفن کردیا۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی کے ہمراہ ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکاشتکار کسان کارڈ کے ذریعے اے ٹی ایم  سے براہ راست سبسڈی کی رقم حاصل کر کے بروقت کھاد، بیج اور زرعت سے متعلقہ چیزیں خرید سکیں گے۔میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا وقت کا تقاضا ہے کہ انتخابی اصلاحات کی جائیں۔اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ انتخابی اصلاحات میں حکومت کا ساتھ دے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کو اپنا گھر درست کرنے کی ضرورت ہے۔ہم نے نہ کبھی اپنی غلطی چھپائی ہے، نہ چھپائیں گے۔کراچی الیکشن سے یہ بات واضح ہوگئی کہ یہاں جس کے پاس وسائل ہوں، حکومت ہو، ڈنڈا ہو وہاں الیکشن جیت لئے جاتے ہیں۔ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ جب تک ہر شہری سپاہی بن کر کورونا کی جنگ میں نہیں نکلے گا، اکیلا کمانڈر کچھ نہیں کرسکتا۔جہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے وہاں قانون حرکت میں آئے گا۔عوام افواج پاکستان اور حکومت کے صبر کاامتحان نہ لے۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے  کہا کہ پنجاب میں اب تک 69 فیصد گندم کی کٹائی ہوچکی۔ پنجاب حکومت گندم خریداری کے مقرر کردہ ہدف کا تقریبا 50 فیصد حاصل کرچکی ہے۔ گندم خریداری کے عمل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن