کراچی (اسپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فواد عالم کی سنچری کی بدولت 198 رنز کی برتری حاصل کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے۔ہرارے میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے روز جب پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو دونوں اوپنرز وکٹ پر موجود تھے اور ٹیم کا اسکور 103 رنز تھا۔عابد علی 56 رنز اور عمران بٹ 43 رنز پر کھیل رہے تھے لیکن دوسرے روز سنچری شراکت کو زیادہ طول نہ دے پائے اور 115 کے اسکور پر عابد علی کی 60 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔دوسری وکٹ پر تجربہ کار اظہر علی نے عمران بٹ کے ساتھ 61 رنز کی شراکت بنائی اور 36 رنز بنا کر تریپانو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔کپتان بابراعظم کھاتہ کھولنے میں ناکام ہوئے اور 182 کے اسکور پر صفر پر آؤٹ ہوئے تاہم عمران بٹ نے اپنی بیٹنگ جاری رکھی۔عمران بٹ نے 236 گیندوں کا سامنا کیا لیکن وہ کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے اور نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 7 چوکوں کی مدد سے 91 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔عمران بٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد فاد عالم کا ساتھ دینے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کی برتری میں مزید اضافہ کردیا۔دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 107 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد رضوان 45 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ فہیم اشرف اس مرتبہ خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔دوسرے اینڈ سے فاد عالم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی ایک اور سنچری مکمل کی۔جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنائے تھے اور اسے پہلی اننگز میں 198 رنز کی برتری حاصل ہے۔فواد عالم 16 چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں جبکہ حسسن علی 21 رنز بنا کر ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔زمبابوے کے ڈی ٹرائی پانو نے 89رنز دے کر 3وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے خیال رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 176 رنز پر آؤٹ کر دیا۔حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 4،4 وکٹیں حاصل کی تھیں، جس کے بعد بلے بازوں نے سنچری شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرلی تھی۔
ہرارے ٹیسٹ میں فواد عالم کی سنچری 198رنز کی برتری سے پاکستان کی پوزیشن مستحکم
May 01, 2021