پی ایس ایل؛ امور سنبھالنا پی سی بی کیلیے چیلنج بن گیا

May 01, 2021

لاہور(یواین پی)پی ایس ایل کے امور سنبھالناپی سی بی کیلیے چیلنج بن گیا۔پی ایس ایل 6 کو کورونا کیسز بڑھنے کی وجہ سے مارچ کے پہلے ہفتے میں روک دیا گیا تھا،اس کے بعد میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم نے استعفیٰ دے دیا، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی البتہ انتظامی امور میں بہتری لانے کیلیے پی سی بی کی فکر مندی بڑھ گئی اور اب پی ایس ایل کیلیے الگ ڈائریکٹر کا تقرر کرنے کیلیے اشتہار جاری کردیا گیا ہے۔قبل ازیں پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حمید ہی ذمہ داریاں بھی سنبھالے ہوئے تھے، وہ اضافی چارج کے طور پر انتظامی سیٹ اپ کی سربراہی کرتے رہے مگر ناکام ثابت ہوئے،یہ باڈی پی ایس ایل ملتوی ہونے پر معطل کردی گئی تھی،ان سے قبل بطور پروجیکٹ ایگزیکٹیو شعیب نوید بھی کامیاب نہ رہ سکے اورمستعفی ہو گئے تھے۔ڈائریکٹر کیلیے اشتہار میں بتایا گیا ہے کہ تقرری پانے والے کو پی ایس ایل کی حکمت عملی تیار کرنے کے ساتھ اس پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا، ٹیم تشکیل دے کر اس سے کام لینا بھی فرائض میں شامل ہوگا،اسے فرنچائزز سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز اور پی سی بی مینجمنٹ کے ساتھ کام کرتے ہوئے ان میں رابطہ پل کا کردار ادا کرنا ہوگا،ایونٹ کے بغیر کسی رکاوٹ کامیاب انعقاد کیلیے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔لیگ کے فروغ اور بزنس میں اضافہ،مختلف رائٹس اور ریکوریز کے امور بھی  ذمہ داریوں میں شامل ہوں گے۔امیدواروں کیلیے ماسٹرز ڈگری کا حامل ہونا ضروری ہے، متعلقہ شعبوں میں کام کا 10 اور کسی اعلیٰ انتظامی حیثیت میں ملازمت کا 5سالہ تجربہ ہونا چاہیے، کرکٹ یا کسی دوسرے کھیل کے شعبوں میں ذمہ داریوں کا پس منظر رکھنے والوں کو ترجیح دی جائے گی،درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 13مئی مقرر کی گئی ہے۔

مزیدخبریں