لندن(یواین پی)کرکٹ کی بدعنوانی میں ہاتھ رنگنے کے باعث آٹھ سالہ پابندی کے شکار سابق زمبابوین کپتان ہیتھ اسٹریک نے میچ فکسنگ میں ملوث ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بعض میچوں کے متعلق معلومات ضرور فراہم کیں لیکن نتائج پر اثر انداز ہونے کی ہرگز کوشش نہیں کی۔ہیتھ اسٹریک نے گزشتہ روز جاری ہونے والے بیان میں اس بات کی وضاحت کردی کہ وہ اپنے عمل کی تمام تر ذمہ داری قبول کرتے ہوئے معذرت خواہ ہیں مگر انہوں نے کسی بھی وقت میچ فکسنگ کی کوشش نہیں کی تھی۔سابق زمبابوین فاسٹ بالر نے اعتراف کیا کہ انہوں نے دو ہزار اٹھارہ میں زمبابوے،بنگلہ دیش اور سری لنکا پر مشتمل ٹرائی سیریز اور اسی سال زمبابوے بمقابلہ افغانستان سیریز کے علاوہ آئی پی ایل اور افغانستان پریمیئر لیگ سے متعلق اندرونی معلومات فراہم کیں مگر براہ راست میچوں کے نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوئی کوشش نہیں کی لیکن وہ آئی سی سی کی جانب سے سزا کو قبول کرتے ہیں۔انہوں نے افریقی کرکٹ میں سرمایہ کاری کیلئے بیتاب ایک شخص سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں بہت زیادہ محتاط رہنا چاہئے تھا لیکن اب انہیں توقع ہے کہ دیگر لوگ ان کا واقعہ دیکھ کر احتیاط برتیں گے۔
بدعنوانی:ہیتھ اسٹریک کا میچ فکسنگ میں ملوث ہونے سے انکار
May 01, 2021