تہران(این این آئی)اسرائیل کے وزیربرائے سراغرسانی ایلی کوہن نے خبردار کیا ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان اگر کوئی نئی بری جوہری ڈیل ہوتی ہے تو اس سے پورا خطہ ہی جنگ کی لپیٹ میں آجائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کے طیارے مشرقِ اوسط کے خطے میں کہیں بھی پہنچ سکتے ہیں۔انھوں نے اسرائیل کے اس مقف کا اعادہ کیا ہے کہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی سفارت کاری کا پابند نہیں ہوگا۔انھوں نے برطانوی خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو کوئی قلیل المیعاد مفاد کا خواہاں ہے تو اس کو طویل المیعاد مضمرات کو بھی ذہن میں رکھنا چاہیے۔اسرائیل ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ایران کو کسی بھی جگہ استثنا حاصل نہیں ہے۔ہمارے طیارے مشرقِ اوسط میں کہیں بھی جاسکتے ہیں اور یقینی طور پر ایران میں بھی ۔ایلی کوہن کا کہنا تھا کہ دنیا ایران کو نہ صرف یورینیم کو افزودہ کرنے اور بیلسٹک میزائلوں کی تیاری سے روکے۔