تاجر برادری نے عید پر 9 روزہ تعطیلات کا فیصلہ مسترد کردیا

کراچی (کامرس رپورٹر)چیئرمین بزنس مین گروپ (بی ایم جی) و سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) ایم زبیر موتی والا نے  10 سے 15 مئی تک عید الفطر کی تعطیلات کے این سی او سی کے اعلان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو مسلسل نو روز تک بند رکھنا ناقابل قبول ہے کیونکہ اس سے تاجر برادری باالخصوص برآمد کنندگان کے لیے بہت زیادہ مسائل پیدا ہوں گے جو ضرورت سے زیادہ تعطیلات کے دوران بینکوں، بندرگاہوں، کسٹمز اور دیگر تمام محکموں کی بندش کی وجہ سے اپنی شمپنٹ باہر نہیں بھیج پائیں گے۔ زبیر موتی والا نے کہا کہ چونکہ عید الفطر پاکستان میں 13 یا 14 مئی کو منائی جانے کا امکان ہے اس لیے 10 سے 15 مئی تک تعطیلات کا اعلان کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ، 9 دنوں تک مسلسل تعطیلات کی وجہ سے معیشت اور کاروبار کو شدید نقصانات سے دوچار ہونا پڑے گا۔انہوں نے زور دیا کہا کہ ملک کو درپیش مجموعی کاروباری و معاشی بحرانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کو اس فیصلے پر نظرثانی کرناچاہیے اور عید کی تعطیلات کا اعلان 12 سے 15 مئی 2021 تک کرنا چاہیے جس سے یقینی طور پر برآمد کنندگان کو 10 اور 11 مئی 2021 کو اپنی شمپنٹ روانہ کرنے کا موقع ملے گا ۔زبیر موتی والا نے کہاکہ کورونا وبائی مرض پر قابو پانے کے لیے محدود کاروباری اوقات کے باعث کراچی کی تاجروصنعتکار برادری کو پہلے ہی شدید مالی نقصانات کا سامنا ہے جبکہ مسلسل 9 روز تک بینکاری خدمات اور بندرگاہوں کی سرگرمیاں معطل ہونے سے تجارت، صنعت، کاروبار اور معیشت کے نقصانات میں مزید اضافہ ہوگا لہٰذا معیشت کے تقریباً تمام شعبوں کی مایوس کن کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ صنعتی پہیہ بغیر کسی رکاوٹ گھومتا رہے نیز عید کے تہوار سے قبل بینکوں اور دیگر ضروری محکموں کے ساتھ بندرگاہوں کو بھی زیادہ سے زیادہ ممکنہ مدت کے لئے مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔

ای پیپر دی نیشن