جسٹس فائز عیسیٰ کیس: بلاول کا صدر  اور وزیر قانون سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

May 01, 2021

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد صدر مملکت عارف علوی اور وزیر قانون فروغ نسیم کے استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ معزز جج کی کردار کشی کرنیوالوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ  سے متعلق فیصلے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے جسٹس  قاضی فائز کے خلاف کئے جانے والے غیرقانونی اقدامات کی پہلے بھی مخالفت کی تھی اور ججز کی بلیک میلنگ‘ ان کی جاسوسی کرنے والوں اور ریفرنس بھیجنے والوں کو اپنے عہدوں پر نہیں رہنا چاہئے تھا اور عدلیہ پر اس طرح کے حملے کرنے کے بعد انہیں مستعفی ہونا چاہئے تھا۔ اور جب جسٹس قاضی فائز عیسیٰ  کو بری کرکے اس سازش کو بے نقاب کر دیا ہے تو ان لوگوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے کہ جنہوں نے سپریم کورٹ کے معزز جج کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پیپلزپارٹی عدالتی قتل اور سیاسی انتقام کا نشانہ بن چکی ہے۔ لہذا ہم اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امید رکھتے  ہیں کہ سیاسی انتقام کا یہی معیار جو سپریم کورٹ نے اپنے جج کے لئے رکھا‘ وہی معیار ان سیاستدانوں کے لئے بھی برقرار رکھا جائے گا جو سیاسی انتقام کا نشانہ بن رہے ہیں۔

مزیدخبریں