پی ڈی ایم شان وشوکت سے موجود الگ ہونے والے واپس آئیں فضل الرحمن

May 01, 2021

لاہور (سید عدنان فاروق) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ  و جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے حوالے سے منفی پراپیگنڈا کا حقیقت سے تعلق نہیں۔ پی ڈی ایم کے فیصلے کسی ایک جماعت یا کسی فرد کے نہیں یہ مشترکہ فیصلے ہیں اور مستقبل میں بھی  فیصلے افہام و تفہیم سے ہی کئے جائیں گے۔ پی ڈی ایم کا اتحاد شان و شوکت کے ساتھ موجود ہے۔ اتحاد کو قائم رکھا جائے گا۔ اپوزیشن اسی پلیٹ فارم سے آگے بڑھے گی۔ قوم ملک میں مستحکم سیاسی نظام چاہتی ہے اور ہم اسی کے لئے کوشاں ہیں۔ ملکی معیشت کا جہاز  نالائقوں  و نااہلوں کے ہاتھوں ڈوب نہیں رہا  بلکہ ڈوب چکا ہے۔ جب عوامی مینڈیٹ سے ہٹ کر کوئی سلیکٹڈ حکومت آئے گی  تو پھر ملکی حالات ایسے ہی ہونگے۔ ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے ایک ہی فوری حل ہے کہ فری اینڈ فیئر الیکشن فوری کرائے جائیں۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو میں کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہمارا شروع سے موقف ہے کہ پاکستان کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لئے  ضروری یے کہ عوام کی منتخب نمائندہ حکومت کو اقتدار آئے اور وہ  فیصلے کرے۔ قوم اس کے پیچھے ہو گی، وہ فیصلے ہی قومی ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جن جماعتوں نے پی ڈی ایم کو چھوڑنے کی غلطی کی ہے انہیں بڑے دل سے اپنی غلطی تسلیم کرنی چاہئے  اور پی ڈی ایم میں واپس آنا چاہئے۔ ہم آئین میں طے شدہ  باتوں پر عمل چاہتے ہیں۔ یقیناً آئین نے جس کے لئے جن حدود کا  تعین کیا ہے اگر ہم انہیں حدود میں رہ کر کام کریں گے تو ملک میں کوئی بحران نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک تاریخ کے نازک ترین موڑ پر کھڑا ہے۔ اگر ساری قوتوں نے، عوام نے ملکر فیصلے  بہترین کئے تو مستقبل میں سیاسی بحران کا خاتمہ ہو گا اور مداخلت کی سیاست ختم ہوگی۔

مزیدخبریں