ایران کا سعودی ولی عہد کی جانب سے  تعلقات کی بحالی سے متعلق بیان کا خیر مقدم 

May 01, 2021

تہران(صباح نیوز)ایران نے سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے تعلقات کی بحالی سے متعلق بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان کے بیان کو لہجے میں تبدیلی قرار دے دیا۔ عرب میڈیا کے مطابق ترجمان ایرانی وزارت خارجہ سعید خطیب زادہنے کہا تعمیری نقطہ نظر، مکالمے پر مبنی حکمتِ عملی دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ہے۔ اس حکمت عملی سے ایران اور سعودی عرب دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کر سکتے ہیں۔ اختلافات کے خاتمے سے امن، استحکام اور علاقائی ترقی کا حصول ممکن ہے۔خطیب زادہ نے بھی اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے اہم ممالک ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سعودی اور ایرانی تعاون اہم ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کا ملک ایران کو پڑوسی ملک کی حیثیت سے دیکھتا ہے جو اس بات کا اشارہ ہے کہ ریاض تہران کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کا خواہش مند ہے ان کا کہنا تھا کہ ایران ایک ہمسایہ ملک ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہوں گے۔

مزیدخبریں