کرونا: مزید 131موات : لاہور میں آج اور کل مکمل لاک ڈائون

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ سٹی رپورٹر+  نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران)  پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر کا زور ٹوٹتا دکھائی نہیں دے رہا۔ ملک میں 5360 مریضوں کی حالت تشویشناک، جو وبا کی پہلی لہر کے عروج سے بھی بڑی تعداد ہے۔ مزید 5112 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 131 مریض انتقال کر گئے۔ مثبت آنے کی شرح 10.41 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 91 ہزار 547 تک پہنچ چکے ہیں۔  8 لاکھ 20 ہزار 823 افراد متاثر ہو چکے، 17811 زندگی کی بازی ہار چکے۔ مزید 3 ہزار 272 مریض صحتیاب ہوئے۔ صوبہ پنجاب مین آج اور کل مکمل لاک ڈائون ہوگا۔ سب سے زیادہ متاثر ،2296 نئے کیسز رپورٹ، مزید 83 مریض دم توڑ گئے۔ 3 لاکھ ایک ہزار 114 مجموعی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 410 تک پہنچ گئی ہے۔اسلام آباد میں مزید 427 نئے کیسز جبکہ مزید 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر کو دو روز کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ہفتہ اور اتوار تمام کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔ اس بات کا اعلان کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے کیا ہے۔ ٹوئٹر کے ذریعے انہوں نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کو تمام کاروبار اور مارکیٹیں مکمل بند رہیں گی۔ صرف میڈیکل سٹور‘ پٹرول پمپس‘ ویکسی نیشن سینٹرز‘ دودھ دہی‘ گوشت اور سبزی کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ اداکارہ مرینہ خان بھی کرونا وائرس کی تیسری لہر کا شکار ہو گئیں جس کی اطلاع انہوں نے سوشل میڈیا پیغام میں دی۔ مرینہ خان نے مداحوں اور دوستوں کیلئے خصوصی ویڈیو پیغام میں بتایا کہ وہ 14 دن تک اپنے کمرے میں اکیلی ہی رہیں گی کیونکہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہورمیں 1086، ننکانہ 2، قصور 25، شیخوپورہ 28، راولپنڈی 150، جہلم 4، اٹک 16، چکوال 10، مظفرگڑھ 15، حافظ آباد 16 اور گوجرانوالہ 56 میں کیسز رپورٹ‘ سیالکوٹ 20، نارووال 4، گجرات 6، منڈی بہاؤالدین 3، ملتان 127، خانیوال 10، راجن پور 14، لیہ 16، ڈیرہ غازی خان 31 اور وہاڑی میں 21 کیس سامنے آئے۔ فیصل آباد 193، چنیوٹ 2، ٹوبہ ٹیک سنگھ 47، جھنگ 24 اور رحیم یار خان میں 68 کیسز رپورٹ ہوئے۔سرگودھا 122، میانوالی 14، خوشاب 9، بہاولنگر 16، بہاولپور 48، لودھراں 25 ، بھکر 27، ساہیوال 23، پاکپتن  7  اور اوکاڑہ میں 12 کیس لاہور میں 30 مزید ہلاکتوں کے ساتھ کل تعداد 3458 ہو چکی ہے۔ گزشتہ روز آغا خان یونیورسٹی میں 13 نمونوں کا جائزہ لیا گیا ہے جن میں 10 میں وائرس کی برطانوی قسم‘ دو میں جنوبی افریقی جبکہ ایک میں برازیلی قسم کی تصدیق ہوئی ہے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں دوسرے روز بھی لاک ڈاؤن رہا جبکہ ہفتہ اور اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔ بلوچستان بھر میں چھوٹے‘ بڑے کاروباری مراکز بند رہے جبکہ صوبائی حکومت نے ہفتہ اور اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند رکھنے کے فیصلے کو 7 مئی تک توسیع دے دی ہے۔ ٹوئٹر پر ٹویٹس میں اسد عمر نے کہا کہ ملک میں کرونا وائرس کے تشویشناک مریضوں کی تعداد 5 ہزار 360 ہوچکی ہے جو گزشتہ سال جون کے مقابلے میں 57 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک کرونا کے اتنے زیادہ کیسز کو منظم طریقے سے نمٹایا اور یہ پورے نظام میں آکسیجن کی پیداوار سے بستروں تک کی استعداد کار بڑھانے کے باعث ممکن ہوا'۔ تاہم اسد عمر نے تنبیہ کی کہ چیلنج ابھی ختم نہیں ہوا بلکہ اس میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، ایس او پیز پر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے اور آئندہ چند ہفتے 'نازک' ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے بیماری کو تیزی سے پھیلنے کا موقع دیا تو کوئی بھی نظام اس پر قابو نہیں پاسکے گا۔ قومی ائر لائن کا ایک اور طیارہ چین سے انسداد کرونا ویکسین کی مزید 3 لاکھ سے زائد خوراکیں لے کر پاکستان پہنچ گیا۔ مجموعی طور پر 10 لاکھ خوراکیں چین سے لائی گئیں۔ سندھ حکومت نے دوران ملازمت کرونا سے جاں بحق افراد کے ورثاء کو دس لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ معاوضہ سندھ حکومت کے کنٹریکٹ ملازمین کیلئے بھی ہو گا۔ سندھ کابینہ کے فیصلے کے بعد محکمہ خزانہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں مزید 9 افراد جاں بحق‘ 97 مریضوں میں اضافہ ایک ہفتہ میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1043 تک پہنچ گئی‘ 133 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج‘ پنڈی بھٹیاں اور گردو نواح میں جمعۃ المبارک کے دن تمام تجارتی مراکز‘ مارکیٹیں اور بازار بند رہے۔ ماسوائے میڈیکل سٹور اور سبزیوں کے۔ پولیس تمام دن سڑکوں پر گشت کرتی رہی۔ ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جا رہا ہے آج شہر کی اہم شاہراؤں پر ہو کا عالم طاری رہا۔ اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد آصف نواز اور اے سی پنڈی بھٹیاں واثق عباس نے پاک فوج اور پولیس افسران کے ہمراہ مختلف علاقوں اور بازاروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 8 دکانیں اور ایک ہوٹل سیل کر دیا جبکہ ضلع بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 127 مقدمات درج کئے گئے۔ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروس ہفتہ اور اتوار کو معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترکی میں کرونا کیسز بڑھنے کے بعد پہلی بار مکمل لاک ڈاؤن شروع ہو گیا۔ مختلف شہروں میں سڑکیں سنسان‘ دکانیں مکمل بند رہیں۔

ای پیپر دی نیشن