خطے کے 7 ممالک کیلئے قومی برآمدات میں 24 فیصد اضافہ ہوا: سٹیٹ بنک 

May 01, 2022


اسلام آباد (اے پی پی)رواں مالی سال کے پہلے 9ماہ کے دوران خطے کے 7ممالک کو کی جانے والی علاقائی برآمدات میں 24فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان(ایس بی پی ) کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا مارچ 2021-22کے دوران افغانستان ، چین ، بنگلہ دیش ، سری لنکا اور نیپال سمیت خطے کے ساتھ مختلف ممالک کو کی جانے والی قومی برآمدات  23.50فیصد اضافہ سے 3440.687ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جو اس عرصہ کے دوران مجموعی ملکی برآمدات 23699.090ملین ڈالر کے 14.51فیصد کے مساوی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق خطے کے دیگر ممالک کے مقابلہ میں چین کو کی جانے والی برآمدات سب سے زیادہ 51.27فیصد اضافہ سے 2126.778ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں چین کو کی جانے والی برآمدات کا حجم 1405.890ملین ڈالر رہا تھا ۔ اسی  طرح بنگلہ دیش کو کی جانے والی برآمدات بھی 47.94فیصد بڑھوتری کے نتیجہ میں 438.62ملین ڈالر کے مقابلہ میں 648.936ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔ مزید برآں  سری لنکا کو کی جانے والی برآمدات میں بھی 53.76فیصد جبکہ نیپال کو کی جانے والی برآمدات میں 35.86فیصد اور مالدیپ کو کی جانے والی برآمدات میں بھی 24.32فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم افغانستان اور بھارتکو کی جانے والی قومی برآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود رواں مالی سال کے دوران خطے کے ساتھ مختلف ممالک کو کی جانے والی ملکی برآمدات میں 24فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں