لاہور (نیوز رپورٹر)سینئر پارلیمنٹیرین بلال یاسین نے کہا ہے کہ عمران خان نے تشدد کی سیاست کو فروغ دیا ہے مگر ہم رواداری اور عوام کی فلاح کے قائل ہیں۔ ہم سیاست میں سب کو ساتھ لے کر چلنے کے قائل ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے مسجد نبویؐ میں ہنگامے پر بھی کسی کے خلاف کارروائی کی بجائے سعودی عرب کی جانب سے بھی قانونی کارروائی کرنے کے اقدامات کو بھی روکنے کی درخواست کی ہے مگر افسوس ماضی میں وزیراعظم ایک مخصوص ٹولے کا ہی وزیراعظم نظر آیا۔ موجودہ ایوان نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف پر اعتماد کرتے ہوئے ان پر بھاری ذمہ داریاں عائد کی ہیں۔ صوبہ پنجاب ترقی میں سب سے نیچے چلا گیا ہے جس کے ذمہ دار نااہل بزدار اینڈ کمپنی تھی مگر امید ہے کہ حمزہ شہباز عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر دن رات کی محنت اور لگن سے دوبارہ پنجاب کو ترقیاتی کاموں اور فلاحی منصوبوں کے ذریعے دیگر صوبوں کیلئے بھی قابل تقلید بنائیں گے جو ویژن ان کو ان کے والد کی طرف سے ورثے میں ملا ہے۔