لاہور ( نامہ نگار) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام اور معاشی استحکام کیلئے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں تحریک انصاف کی قیادت اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی بجائے اسمبلیوں میں آکر بیٹھے اور اہم مستقبل کی منصوبہ بندی میں حکومت کا ساتھ دے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار علی بدر نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت کا مدت پوری کرنا ناگزیر ہے۔ انتخابی اصلاحات کیلئے بھی اپوزیشن کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی ترجیحات طے کر لی ہیں مہنگائی میں کمی کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہیں تمام اتحادی متحد ہوکر یکسوئی سے اس ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔