لاہور (نیوز رپورٹر،وقائع نگار ‘ نوائے وقت رپورٹ) نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے گورنر ہائوس میں عہدے کا حلف اٹھالیا، نئے وزیراعلیٰ سے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں مریم نواز، وزیرداخلہ رانا ثنااللہ، ایم پی ایز کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو گورنر ہاؤس جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف، زرداری، بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ بننے پر مبارکباد دی ہے۔ حمزہ شہبازشریف کے فیملی ممبرز بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ حمزہ شہباز اور نائب صدرمسلم لیگ ن مریم نواز ایک ہی گاڑی میں گورنر ہاؤس پہنچے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا’’ اور ‘‘حمزہ شہباز زندہ باد’’ کے نعرے لگائے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا عہدہ عوام کی حقیقی خدمت کیلئے وقف رہے گا، وزارت اعلیٰ کو منصب نہیں سمجھتا، اس عہدے کوعوام کی فلاح کیلئے استعمال کروں گا، عوام کے مسائل کا پورا احساس ہے، میرا پل پل عوام کے مسائل کے حل کیلئے صرف ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھانے کے بعد حمزہ گورنر ہاؤس سے وزیراعلیٰ آفس پہنچے یہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ آفس کے افسروں اور عملے سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے افسروں و عملے کو محنت اور لگن سے سرکاری فرائض انجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اچھے نتائج اور بہترین سروس ڈلیوری کیلئے پولیس اور انتظامیہ کو مربوط انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ غیر جانبداری اور قواعد و ضو ابط کے مطابق فرائض سرانجام دینا اچھے افسر کی پہچان ہے، عوام کو اچھی خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، یہ وقت محنت کر کے عوام کو ڈلیور کرنے کا ہے، عام آدمی کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کیلئے نئے عزم اور جذبے سے کام کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ٹی آئی ترین گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے جہانگیر ترین کو رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران صحت دریافت کی اور ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور جہانگیر ترین کی ملاقات میں ترین گروپ کے ارکان اسمبلی بھی شریک تھے جبکہ (ن) لیگ کی طرف سے عطااللہ تارڑ اور اویس لغاری موجود تھے، اس موقع پر حمزہ شہباز نے سیاسی تعاون پر جہا نگیرترین گروپ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور جہانگیر ترین کی ملاقات میں پنجاب کی حکومت سازی کے معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔حمزہ شہباز شریف نے حضرت علی ہجویری داتا گنج بخشؒ کے مزار پر حاضری دی، مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، سلامتی، استحکام اور سربلندی کیلئے دعا کی۔ حمزہ شہباز شریف سے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکو انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے صوبے کے عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام کی ہدایت کی۔ جہانگیر ترین سے ملاقات میں حمزہ شہباز شریف نے کہاکہ میں جہانگیر ترین اور ان کے گروپ کی حمایت پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اکٹھے چلیں گے اور پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے۔ انتقام نہیں، رواداری اور برداشت کی سیاست کریں گے۔