محکمہ ء کھیل و امور نوجوانان سیرتِ النبی ﷺیوتھ کانفرنس 


کراچی (سٹی نیوز) محکمہ ء کھیل و امور نوجوانان حکومت سندھ اور کراچی یوتھ کی جانب سے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یوتھ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف نعت خواں حضرات نے شرکت کی جبکہ علماء کرام نے خاتم النبیین کی سیرت اور دور حاضر میں نوجوانوں کی معاشرتی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ معروف ثنا خوانوں میں اب تک ٹیلی ویژن کے نعت خواں  حارث کمال، جیو ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں شامل نوجوان نعت خواں حسیب صابری اور پی ٹی وی کی سحری ٹرانسمیشن میں شامل حافظ طاہر نے بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ سیرت النبی یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ کو اجاگر کیا۔ مفتی عدیل نے رمضان المبارک کے خصوصی ایام میں عبادات کے اجر و ثواب پر روشنی ڈالی جبکہ محمد بلال حیدر نے بارگاہ اقدس میں دعا کروائی۔ کانفرنس میں تلاوت حافظ محمد ارسلان سعید نے پیش کی جبکہ نظامت کے فرائض قاضی نعمان مجاہد نے انجام دئیے۔ کانفرنس کے اختتام پر صدر یوتھ فائونڈیشن محمد عمر خان نے کہا کہ بحیثیت امت محمدی ہم پر اپنے اخلاق اور کردار کو اعلیٰ بنانا ضروری ہے تاکہ نسل نو ایک اچھے مسلمان کی حیثیت سے معاشرے کے لیے کارآمد بن سکے۔ کانفرنس کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء میں اسناد تقسیم کی گئی اور افطار و ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔ سیرت النبی یوتھ کانفرنس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ افئیر ڈیپارٹمنٹ سید حبیب اللہ نے بھی شرکت کی جبکہ معززین شہر میں شامل انجینئر عدنان چشتی، ڈاکٹر کاشف شیخ اور سیمی صدیقی سمیت دیگر افراد بھی پیش پیش رہے۔

ای پیپر دی نیشن