لاہور (شیخ طاہر علی) سوشل ویلفیئر اور انجمن سلیمانیہ کے اشتراک سے چلنے والے ادارہ ماڈل چلڈرن ہوم میں مقیم یتیم، نادار بچوں میں کچھ اپنے گھروں میں اور باقی بچے اپنے گھروں سے دور اپنے پیاروں کے بغیر عید منائیں گے۔ ڈی جی سوشل ویلفیئر کی جانب سے بچوں میں عید تحائف جبکہ انجمن کی جانب سے عیدی تقسیم کی گئی۔ ہر انسان عید کی خوشیاں اپنے پیاروں کے ساتھ مناتا ہے خصوصاً عید تو ہوتی ہی بچوں کی ہے۔ عید کے ایام میں بچوں کی خوشی دیدنی ہوتی ہے مگر کچھ بچے ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی عید یتیم خانوں میں گزرتی ہے۔ ادارہ میں مقیم بچوں میں کشمیر اور دیگر علاقوں سے آئے بچے اس بار بھی عید ادارہ میں ہی منائیں گے۔ جہاں عید کے ایام گزاریں گے، ادارہ کی انچارج ام رباب نے نوائے وقت کو بتایا کہ ادارہ میں مقیم بچوں کو گھر جیسا ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔ تعلیم سمیت ہر ممکن سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ ادارہ میں مقیم بچوں گل زیب، شہیر عبد اللہ، رحمت، سبحان شاہد، احسان صدیق نے بتایا کہ سارا سال عید کا انتظار کرتے ہیں مگر عید کب آتی ہے اور کب چلی جاتی ہے پتہ ہی نہیں چلتا، ہمیں عید پر کپڑے اور عیدی ملی ہے جس پر بہت خوش ہیں مگر ہمارے والدین ہوتے تو ہم بھی اپنے گھروں میں عید مناتے، ادارہ میں ہمارا بہت خیال رکھا جاتا ہے جس پر خوش ہیں۔
ماڈل چلڈرن ہوم
ماڈل چلڈرن ہوم میں مقیم بچے اپنے پیاروں کے بغیر عید منائیں گے
May 01, 2022