لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر رومان رئیس نے غریب بچوں کی تعلیم کا بیڑا اٹھا لیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے وہ نوجوان جن کے گھروں کے وسائل اس قابل نہیں ہیں کہ وہ بچوں کو پڑھا سکیں یا کسی اچھی اکیڈمی میں ان کا داخلہ کروا سکیں تو میں ایک ایسا انسٹیٹیوٹ تیار کرنا چاہتا ہوں جہاں کھیل کی سہولت بھی میسر ہو اور بچوں کو ابتدائی تعلیم بھی فراہم کی جاسکے۔ میں اپنے بچے کو تو اچھی تعلیم دلوا سکتا ہوں لیکن ایک غریب گھر کے بچے کو پانچ یا چھ سال کی عمر سے بتادیا جاتا ہے کہ بیٹا تمہیں پیسے کمانے ہیں تم کسی پنکچرکی دکان پر بیٹھ جاؤ یا کسی مکینک کے پاس چلے جاؤ، اس بچے کا بھی حق ہے کہ وہ ہمارے بچوں کی طرح اچھے سے اچھا پڑھے۔آنے والی نسلیں ہی اس ملک کو سنواریں گی میرا یہ پلان ہے کہ میں اس پر کام کروں گا گزارش ہے کہ کوئی اگر اس میں دلچسپی رکھتا ہے تو وہ ہمیں سپورٹ کرے۔