اسلام آباد‘ کراچی‘ ریاض (خبر نگار خصوصی + این این آئی) سوڈان میں پھنسے مزید 140 پاکستانیوں کو لیکر پاک فضائیہ کا طیارہ کراچی پہنچ گیا۔ جنگ زدہ سوڈان میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے پاک فضائیہ کی جانب سے انخلاءکا مشن پوری تندہی سے جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق سوڈان سے آنے والے تمام مسافروں کے کرونا ٹیسٹ اور منکی پاکس کیلئے محکمہ صحت کی ٹیم نے سکریننگ کی۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق پھنسے ہوئے آخری پاکستانی کی بحفظات وطن واپسی تک مشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئرفورس وزارت خارجہ کے ساتھ مل کر انخلاءکے مشنز کو انجام دے رہی ہے۔ ادھر سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب نے سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جھڑپوں کے آغاز کے بعد سے اب تک سوڈان سے 96 ملکوں کے 4 ہزار 738 افراد کا انخلاءمکمل کر لیا ہے۔ سعودی عرب کی سرکاری ایجنسی نے بیان میں بتایا کہ سوڈان سے 139 سعودی شہریوں کو نکالا گیا ہے۔دریں اثناءسوڈان میں پھنسے افراد کو لیکر ایک طیارہ ابوظہبی پہنچ گیا ہے جن میں دو پاکستانی بھی شامل ہیں۔ پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ابوظہبی ہوائی اڈے پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے دونوں شہریوں کو نکالنے پر متحدہ عرب امارات کے شکر گزار ہیں۔
وزارت خارجہ‘ فضائیہ کا آپریشن جاری‘ مزید 140 پاکستانی سوڈان سے کراچی پہنچ گئے
May 01, 2023