اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے مطالبے پر چین کی حکومت نے خنجراب بارڈر تجارت کے لئے سارا سال کھلا رکھنے کی منظوری دے دی۔ گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے پر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر و قائدِ حزبِ اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے اظہارِ تشکر کیا۔ دریں اثنا چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں سے خنجراب بارڈر پر تجارت کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اس سلسلے میں میں چین نے پاکستان سے برآمد ہونے والی مختلف مصنوعات پر سے عائد پابندیاں بھی ختم کر دی ہیں اور پاکستان سے برآمدات کے لئے بھی تجارتی دروازے کھول دئے ہیں جس سے تمام تاجران مستفید ہو سکیں گے۔ گزشتہ چار سالوں سے پاک چین سرحدی تجارت بند تھی جس کی وجہ سے تاجران معاشی مشکلات کا شکار تھے اور معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے تاہم اب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں سے کامیاب تجارت کے لئے خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خنجراب بارڈر پر پورا سال تجارتی عمل جاری رہنے اور برآمدی پابندیوں کے خاتمے پر گلگت بلتستان کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔ امجد حسین ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ پاکستان کے نوجوان وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کامیاب سفارتکاری کے ذریعے دنیا بھر میں نہ صرف وطن عزیز کا مثبت تصور اجاگر کیا ہے بلکہ مختلف ممالک کے ساتھ تجارتی حجم میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
خنجراب بارڈر