اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر اور ایک معاون کی خارجہ پالیسی امور پر اہم گفتگو کا ریکارڈ لیک ہوگیا۔ "ڈسکورڈ لیکس" دستاویزات میں وزیراعظم شہباز شریف اور حنا ربانی کھر کی امریکا سے تعلقات پر گفتگو سامنے آئی ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی گفتگو روس یوکرائن تنازع پر یو این ووٹنگ سے متعلق ہے۔ ایک معاون نے وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا کہ قرار داد کی حمایت سے پاکستان کے روس سے تجارت اور توانائی کے سمجھوتے خطرے میں پڑ سکتے ہیں اور قرارداد کی حمایت پاکستان کی پوزیشن میں تبدیلی کا تاثر دے گی۔ لیک دستاویزات کے مطابق حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کو مغرب کو خوش کرنے سے گریز کرنا چاہیے، پاکستان کی امریکا سے سٹرٹیجک پارٹنرشپ قائم رکھنے کی خواہش چین سے اصل سٹرٹیجک پارٹنرشپ کے مکمل فوائد کو قربان کر دے گی۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پاکستانی حکام نے افشا ہونے والی دستاویزات پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ امریکا کی یوکرائن جنگ پر کم ہوتی بین الاقوامی حمایت پر ہے۔
یوکرائن قرارداد ، مغرب سے تعلقات : شہباز شریف ، حنا ربانی کی گفتگو امریکی اخبار میں شائع
May 01, 2023