لاہور چیمبر کے صدر وزارت تجارت کے ای ڈی ایف فنڈ کے بورڈ میں بطور رکن شامل 

May 01, 2023


لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور کو وزارت تجارت کے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے بورڈ میں بطور رکن شامل کرلیا گیا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس کی ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ بورڈ میں شمولیت کو یقینی بنانے پر اعلیٰ حکومتی عہدیدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے ملک کی برآمدات کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنے کااعادہ کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے مکمل استعمال کو یقینی بنانا ہو گا اور اس کیلئے ایک نیا میکنزم وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت کو سہولیات دی جائیں اور اس کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ وہ قومی برآمدات کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے۔کاشف انور نے کہا کہ ای ڈی ایف سے حاصل ہونے والی آمدنی صرف نجی شعبے کی زیر قیادت ملکی برآمدات میں اضافے کے منصوبوں پر خرچ کی جانی چاہیے۔ انہوں نے شفاف طریقہ کار کے ذریعے کاروباری برادری تک فنڈ کی رسائی کو بڑھانے اور آسان بنانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے مختلف پراسیس پر مبنی صنعتوں کیلئے تعمیل پروٹوکول پر عمل درآمد کیلئے فنڈز مختص کرنے کی سفارش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات کے فروغ کیلئے بیرون ملک ٹریڈ مشنز کو مضبوط کیا جائے۔ افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں بھی برآمدی مراکز قائم کیے جائیں۔دریں اثناءتاجر برادری نے کاشف انور کی بطور بورڈ ممبر ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ تعیناتی کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے تاجر برادری اور حکومت کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

مزیدخبریں