لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان میں کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف نے علاقائی اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی اور اقتصادی صلاحیتوں سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔ گزشتہ روز جمہوریہ کرغزستان کے آئین کی 30 ویں سالگرہ اور کرغزستان کے عوامی ادیب چنگیز ایتماتوف کی 95 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک سادہ مگر پر وقار تقریب کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرغزستان اور پاکستان کے گہرے ثقافتی ورثے کو عوامی سطح پر روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک دوستی، ثقافت اور تاریخ کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور ان کے بارے میں عوامی سطح پر شعور اجاگر کرکے ہم موثر شراکت داری اور دوستانہ تعلقات استوار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان اور پاکستان کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے فعال طور پر کام اور باہمی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان بہت گہری اور وسیع تاریخ کا حامل ملک ہے اور کرغز قوم دنیا کی قدیم ترین قوموں میں شمار ہوتی ہے۔ نسلی نام ”کرغز“ ان قدیم ترین چینی تحریروں میں بھی موجود ہے جو 2200 سال پہلے لکھی گئی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں مختلف اوقات میں کرغزستان ایک وسیع ریاست رہا ہے جس کی وسطی ایشیا میں حکومت تھی اور اس کا اثر و رسوخ پورے مشرقی ایشیائی خطے میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مضبوط تاریخی روابط کے ساتھ ساتھ ایک ہی مذہب اور قریبی ثقافت سے جڑے ہوئے ہیں۔ مغل سلطنت کے بانی ظہیر الدین بابر کا تعلق جنوبی کرغزستان سے تھا اور ان کا گھر آج بھی پہاڑی ”سلیمان ٹو“ کی چوٹی پر واقع ہے۔ آئین کے بارے میں بات کرتے ہوئے سفیر اولان بیک نے کہا کہ یہ دستاویز ریاست کی قانونی بنیاد ہے جو خارجہ پالیسی سمیت تمام شعبوں کے بنیادی اصولوں اور قوانین کا تعین کرتی ہے۔ کرغزستان کے عوامی ادیب چنگیز ایتماتوف کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کی میراث پوری دنیا میں معروف ہے اور ان کی تخلیقات کا 174 زبانوں میں ترجمہ کیا جا چکا ہے اور اس کی مجموعی طور پر 80 ملین سے زیادہ کاپیاں تقسیم کی جا چکی ہیں۔ کرغزستان ٹریڈ ہا?س کے چیئرمین مہر کاشف یونس نے اس موقع پر کہا کہ آئین کسی بھی قوم کی روح کی روح اور بنیاد ہے اور شاعر قوم کا دل ہوتے ہیں۔ بابائے قوم بانی پاکستان کا مشہور قول، اتحاد، ایمان اور تنظیم، زندگی کے ہر شعبے میں پاکستان کا نعرہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے کرغزستان کے دورے کے دوران میں نے دیکھا کہ کرغز باشندے تعلیم اور علم سے محبت کرتے ہیں اور اتحاد اور ایمان کے ساتھ اپنے آئین پر کار بند رہنا پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری تاجر برادری اور پاکستانی قوم کرغزستان کے عوام کو ان کی کامیابی اور وڑن پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ کرغزستان ٹریڈ ہا?س کے صدر ڈاکٹر شاہد حسین، گولڈ رنگ اکنامک فورم کے صدر حسنین رضا مرزا اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔