لاہور (خصوصی نامہ نگار)بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یوم مئی پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ اسلام نے 14سو سال قبل آجر و اجیر کے حقوق کا تعین کر دیا تھا۔ مزدور اللہ کا دوست ہے مزدوروں کا استحصال کرنے والے ظالم اور تعمیر و ترقی کے دشمن ہیں۔مزدوروں کو ان کی پوری اجرت دلوانا کسی بھی اسلامی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔دین اسلام ایسے سماجی اور اقتصادی نظام مسترد کرتا ہے جس میں انسان کے ہاتھوں انسان کا استحصال ہو رہا ہو۔تاجر،صنعتکار،مزدوروں کا فرض ہے کہ وہ اپنے ذمے حقوق و فرائض کو اخلاص کے ساتھ پورا کریں۔مالکان کا فرض ہے کہ وہ مزدوروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ ادا کریں اور معاہدے کے مطابق ان کی بہبود کریں اسی طرح مزدورں پر بھی واجب ہے کہ وہ مالک کا استحصال نہ کریں اور انہوں نے اپنے ذمہ جو محنت لی ہے اسے پوری دیانت کے ساتھ انجام دیں۔آجر و اجیر کے درمیان خیر پر مبنی تعلق سے ترقی و خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ حضور نبی اکرم ? کا فرمان ہے کہ ”مزدور کی مزدوری اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کرو“۔ 50 فیصد ملک کی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے جو بمشکل دو وقت کی روٹی کما رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ مزدوروں کو صحت، تعلیم اور روزگار کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ مزدوروں کو روزگار کے ساتھ ساتھ روزگار کا تحفظ بھی ملنا چاہیے۔