لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان شاہینز نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلئے روانہ۔پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم لاہور سے براستہ دوبئی زمبابوے کے شہر ہرارے جائیگی۔ عمران بٹ کی قیادت میں زمبابوے کے دورے پر دو چار روزہ اور چھ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی۔سیریز 3 مئی سے 27 مئی تک کھیلی جائیگی۔پاکستان شاہینز نے کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں 11 روزہ کیمپ میں حصہ لیا اور بعد ازاں زمبابوے روانگی سے قبل 28 اور 29 اپریل کو لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اضافی دو روزہ کیمپ میں حصہ لیا۔سکواڈ میں 16 کھلاڑی اور چار ریزرو کھلاڑی شامل ہیں۔ کپتان عمران بٹ کے علاوہ چھ کھلاڑی پہلے بھی پاکستان مینز ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ان میں حسین طلعت، کامران غلام، میر حمزہ ، محمد علی ، شاہنواز دہانی اور صائم ایوب شامل ہیں۔کپتان عمران بٹ نے کہا کہ کھلاڑیوں نے زمبابوے کے دورے سے قبل تربیتی کیمپ میں حصہ لیا۔ کھلاڑیوں نے اس اہم سیریز کی تیاری کیلئے کافی محنت اور کوشش کی ہے۔ٹیم تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی زمبابوے میں کھیلنے کیلئے منتظر ہیں۔پاکستان شاہینز: عمران بٹ (کپتان) ، حسین طلعت (نائب کپتان) ، عامر جمال، عبدالواحد بنگلزئی ، حسیب اللہ، کامران غلام ، مہران ممتاز، میر حمزہ ، محمد علی ، محمد ہریرہ ، مبصر خان، عمیر بن یوسف ، قاسم اکرم ، روحیل نذیر (وکٹ کیپر) اور شاہنواز داہانی شامل ہیں۔ صائم ایوب ، آصف محمود ‘اطہر محمود ، سعد خان اور وقار احمد ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں ۔
پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم دورہ زمبابوے کیلئے ہرارے چلی گئی
May 01, 2023