نجم سیٹھی انتخابات پر اٹھنے والے اعتراضات پر ایکشن لیں:میاں منیر

لاہور(سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور ملتان ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں محمد منیر نے کہا ہے کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی ملک بھر میں ہونے والے انتخابات پر اٹھنے والے اعتراضات پر ایکشن لیں اور انتخابی عمل کو شفاف بنانے کیلئے براہ راست معاملات کی نگرانی کریں بصورت دیگر تمام خرابیاں ان کے کھاتے میں ڈالی جائیں گی۔ جو لوگ انتخابی عمل کی نگرانی کر رہے ہیں وہ ذاتی مفادات کیلئے نجم سیٹھی کو حقائق سے دور رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ برسر اقتدار طبقہ ملک بھر میں کرکٹ منتظمین کو ڈرا دھمکا کر من پسند افراد کو آگے لا رہا ہے۔ کلبوں کے صدور بدلے جا رہے ہیں، اختیارات کا ناجائز استعمال ہو رہا ہے۔ پاکستان بھر میں بلا مقابلہ عہدے داروں کا انتخاب انتخابی عمل پر سب سے بڑا سوالیہ نشان ہے۔ لوگوں سے کہا جا رہا ہے اگر ہمارے ساتھ نہیں ملیں گے تو آگے نہیں آنے دیں گے۔ شفاف انتخابات پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔ ملتان میں بھی بہت شکایات سامنے آئی ہیں۔ میں خود تو الیکشن میں حصہ نہیں لے رہا لیکن دہائیوں سے کرکٹ سے وابستہ ہوں تو کرکٹ سے جڑے دوستوں کے مطالبے پر پنجم سیٹھی سے ملاقات کی تھی حقائق ان کے سامنے رکھے اور انہیں بتایا کہ پاکستان بھر میں ہونے والے انتخابات میں کیا شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ نجم سیٹھی نے انتخابی عمل کو شفاف بنانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہیں بتایا ہے کہ کوئی بھی ریجنل صدر ہو گا وہ بورڈ کیساتھ مل کر کام کرنے کی حکمت عملی اپنائے گا ۔اگر اس کے علاوہ کوئی بات آپ تک پہنچائی جا رہی ہے۔ اس میں کچھ شک نہیں ہے کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی اور پاکستان سپر لیگ کا آغاز اور اسے کامیاب ایونٹ بنانے میں نجم سیٹھی کا کردار سب سے اہم ہے اس مرتبہ بھی ان سے بہت اچھی توقعات ہیں۔ وہ ملکی کرکٹ کے مسائل حل کرنے اور ترقی کے سفر کو تیز کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں اس کیلئے انہیں بہتر ٹیم کا انتخاب کرنا ہو گا ۔اس وقت ان کے اردگرد ایسے لوگ موجود ہیں جو کھیل سے مخلص نہیں ہیں۔

ای پیپر دی نیشن