ریاض(این این آئی )قدیم اشیا کو جمع کرنے کی شوقین ایک سعودی خاتون نے نوادرات جمع کرکے اپنے گھر میں ایک عجائب گھر قائم کر لیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی خاتون ملیحہ بابقی نے جازان میں اپنے گھر میں بنائے میوزیم میں 10 ہزار سے زائد فن پارے جمع کیے ہیں۔ یہ فن پارے انہوں نے تیس سال سے زیادہ عرصے میں جمع کیے۔ ان نوادرات کی خاص بات یہ ہے کہ ان میں بہت سی اشیا سو سال سے زیادہ پرانی ہیں۔ اپنے انٹرویو میں بابقی نے بتایا میرے والد ایک تاجر تھے جو مختلف قیمتی اشیا اور اجناس خریدتے اور بیچتے تھے۔ میں بچپن سے ہی ان اشیا سے محبت کرتی تھی۔بابقی نے کہا اپنی زندگی کے ایک آخری مرحلے میں میں نے یہ ہولڈنگز اپنے پاس رکھ کر محفوظ کرنا شروع کر دیں۔ جازان کے ورثے سے محبت نے مجھے کپڑے، نایاب سکے اور چیزیں لانے پر آمادہ کر لیا۔ بابقی نے بتایا کہ میرے میوزیم میں پتھر کے برتنوں کی بڑی تعداد موجود ہے جن میں سے کچھ 100 سال سے بھی زیادہ قدیم ہیں اور ساتھ ہی کئی قدیم سکے بھی ہیں۔ملیحہ بابقی نے بتایا کہ میرے پاس ایسے سعودی ریال بھی ہیں جو شاہ عبدالعزیز کے زمانے کے ہیں۔ ساتھ ہی فرانسیسی ریال بھی ہیں جو عثمانیوں کے دور سے تعلق رکھتے ہیں۔سعودی خاتون نے انکشاف کیا کہ میرے اس ذاتی میوزیم کا کئی اہم افراد نے دورہ کیا ہے۔ ان دوروں میں سب سے نمایاں شاہ خالد کی بیٹی شہزادی موضی اور شاہ فیصل کی بیٹی شہزادی سارہ تھے۔