لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے آزاد کشمیر، گلگت و بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کچھ لوگ جلدیوں میں ہیں۔ 90دن صرف پنجاب کیلئے نہیں، کے پی کیلئے بھی ہیں۔ یہاں تو لوگ جھوٹ اور سراب بیچ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کو کسی سے سند یا اپنی قیادت کی صفائیاں دینے کی ضرورت نہیں، ہمارا بد ترین مخالف بھی کہتا ہے کہ شہید بھٹو سے بڑا پاکستان کا کوئی لیڈر نہیں تھا۔ تاریخ اور ہمارے مخالفین گواہی دے رہے ہیں۔ آج کون سی جماعت اور میڈیا آصف زرداری کی حکومت کی تعریف نہیں کرتا۔ وہ مقامی ہوٹل میں پیپلز پارٹی ڈیجیٹل میڈیا کے میٹ اپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ثمینہ خالد گھرکی، علی قاسم گیلانی، چودھری اسلم گل، عثمان ملک، ذوالفقار علی بدر، جمیل منج، میاں اظہر حسن ڈار، سجاد الحسن، اعجاز سمہ، آصف بشیر بھاگٹ، ڈاکٹر خیام، احسن رضوی، راشد خان ایڈووکیٹ، رانا مقصود اشرف، فائزہ ملک، بشری ملک، نرگس خان، سونیا خان، امجد جٹ، عاطف رفیق چودھری، محسن ملہی، موسی کھوکھر، شہر یار بھی موجود تھے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران حکومت بنا، نہ چلا نہ گرا سکتے ہو۔ آج ساری جماعتیں اور میڈیا ڈائیلاگ کی باتیں کر رہے ہیں، ڈائیلاگ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا ورثہ ہے، پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے عمران کو مذاکرات کی دعوت دی، ہماری منزل اقتدار نہیں، ملک کو بلاول ہی بحرانوں سے نکالے گا۔ عمران نے 20، ہزار ارب روپے قرض لیکر بچے بچے کو مقروض کر دیا۔ رانا فاروق سعید نے کہا کہ بھٹو کو ختم کرنے والوں نے سوچا کہ پیپلز پارٹی ختم ہو جائے گی۔ پیپلز پارٹی کبھی ختم نہیں ہو سکتی کیونکہ اسکی جڑوں میں شہیدوں کا خون ہے۔ شہزاد چیمہ اور انکی ٹیم نے کامیاب پروگرام کیا ہے۔